صحیح بخاری 3571
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ سلم بن زَرِیر نے ہمیں بتایا۔ میں نے ابورجاء سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عمران بن حصینؓ نے ہم سے بیان کیا کہ وہ ایک سفر میں نبی ﷺ کے ساتھ تھے اور وہ رات بھر چلتے رہے۔ جب صبح ہونے لگی تو آرام کرنے کے لئے اُترے۔ ان کی آنکھ لگ گئی اور اتنی دیر سوئے رہے کہ سورج بلند ہوگیا۔ تو حضرت ابوبکرؓ پہلے تھے جو اپنی نیند سے بیدار ہوئے اور رسول اللہ ﷺ کو آپؐ کی نیند سے نہیں جگایا جاتا تھا جب تک کہ آپؐ خود ہی بیدار نہ ہوں۔ پھر حضرت عمرؓ جاگے۔ حضرت ابوبکرؓ آنحضرت ﷺ کے سرہانے بیٹھ گئے اور تکبیر کہنے لگے اور اپنی آواز بلند کرتے تھے۔ یہاں تک کہ نبی ﷺ جاگے (اور وہاں سے کوچ کا حکم دیا۔) پھر دوسری جگہ جا کر ٹھہرے اور ہمیں صبح کی نماز پڑھائی۔ لوگوں میں سے ایک شخص الگ بیٹھا ہوا تھا اس نے ہمارے ساتھ نماز نہیں پڑھی۔ جب آپؐ نماز سے فارغ ہو چکے تو آپؐ نے پوچھا: اے فلاں! ہمارے ساتھ نماز پڑھنے سے تم کو کس بات نے روکا ہے؟ اس نے کہا: مجھے نہانے کی ضرورت ہوگئی تھی۔ آپؐ نے اسے تیمم کرنے کے لئے فرمایا۔ پھر اس نے نماز پڑھی۔ اور (حضرت عمرانؓ کہتے تھے کہ) رسول اللہ ﷺ نے مجھے ان سواروں میں رکھا جو آپؐ کے آگے آگے جارہے تھے اور ہمیں سخت پیاس تھی۔ ابھی ہم جارہے تھے کہ ہم نے ایک عورت کو دیکھا جو دو پکھالوں کو اونٹ پر لادے ان کے درمیان اپنے پاؤں لٹکائے جارہی تھی۔ ہم نے اس سے کہا: پانی کہاں ہے؟ وہ بولی: یہاں تو کوئی پانی نہیں۔ ہم نے کہا کہ تمہارے گھر والوں اور پانی کے درمیان کتنا فاصلہ ہے؟ کہنے لگی: ایک دن اور رات۔ ہم نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس چلو۔ اس نے کہا: رسول اللہ کیا ہوتا ہے؟ ہم نے اس کی کچھ پیش نہ چلنے دی اور ہم اس کو آگے آگے لئے ہوئے نبی ﷺ کے پاس لے آئے تو اس نے آپؐ سے بھی وہی باتیں کیں جو ہم سے کی تھیں سوا اس کے کہ اس نے آپؐ سے یہ بھی بیان کیا کہ وہ یتیم بچوں والی ہے۔ آپؐ نے اس کے دونوں پکھال (اُتارنے) کے متعلق فرمایا (جو نیچے اتاری گئیں۔) آپؐ نے ان کے دہانوں پر ہاتھ پھیرا۔ پھر ہم چالیس آدمیوں نے جو پیاسے تھے پانی پیا؛ اتنا کہ ہم سیر ہوگئے اور ہم نے ہر ایک مشکیزہ اور چھاگل جو ہمارے پاس تھی بھر لی۔ البتہ ہم نے اپنے اونٹوں کو نہیں پلایا اور ابھی وہ پکھالیں اتنی بھری ہوئی تھیں کہ قریب تھا کہ پانی ان میں سے بہہ پڑتا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جو تمہارے پاس کھانے کی چیز ہو، لے آؤ۔ تو اس عورت کے لئے روٹیوں کے ٹکڑے اور کھجوریں اکٹھی کی گئیں۔ جب وہ اپنے گھر والوں کے پاس آئی تو کہنے لگی: میں ایسے شخص سے ملی ہوں جو سب لوگوں سے بڑھ کر جادوگر ہے یا وہ نبی ہے جیسا کہ وہ کہتے ہیں۔ پھر اللہ نے اس عورت کے طفیل اس قبیلہ کو ہدایت دی اور وہ بھی مسلمان ہوگئی اور اس (قبیلہ) کے لوگ بھی مسلمان ہوگئے۔