صحیح بخاری 3581: باب عَلاَمَاتِ النُّبُوَّةِ فِي الإِسْلاَمِ
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا: ابوعثمان نے ہم سے بیان کیا۔ حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا کہ صفہ والے محتاج لوگ تھے۔ اور ایک دفعہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس کے پاس دو آدمیوں کا کھانا ہو، وہ تیسرے کو لے جائے اور جس کے پاس چار کا کھانا ہو، وہ پانچویں کو لے جائے یا چھٹے کو یا ایسے ہی کچھ الفاظ فرمائے۔ اور حضرت ابوبکرؓ تین آدمیوں کو لے آئے اور نبی ﷺ دس کو لے گئے اور گھر میں حضرت ابوبکرؓ اور تین اور شخص تھے۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ کہتے تھے: میں، میرا باپ اور میری ماں۔ میں نہیں جانتا آیا انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری بیوی یا میرا خادم جو کہ ہمارے اور حضرت ابوبکرؓ کے گھر میں مشترکہ تھا۔ اور ایسا ہوا کہ حضرت ابوبکرؓ نے نبی ﷺ کے ہاں شام کا کھانا کھایا۔ پھر وہیں ٹھہرے رہے یہاں تک کہ عشاء کی نماز پڑھی پھر واپس آگئے۔ وہ وہاں اتنی دیر ٹھہرے کہ رسول اللہ ﷺ نے شام کا کھانا کھایا اور اتنی رات گذرنے کے بعد آئے جتنا کہ اللہ نے چاہا۔ ان کی بیوی نے ان سے کہا: کس بات نے آپؓ کو اپنے مہمانوں سے یا کہا مہمان سے روکے رکھا؟ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: کیا تم نے انہیں کھانا نہیں کھلایا؟ وہ کہنے لگیں: انہوں نے آپؓ کے آنے تک کھانے سے انکار کردیا۔ انہوں نے تو ان کے سامنے کھانا پیش کر دیا تھا مگر مہمانوں نے ان کی پیش نہ چلنے دی۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ کہتے تھے: میں جاکر چھپ رہا۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: اے بیوقوف! اور انہوں نے سخت سست کہا۔ اور مہمانوں سے کہنے لگے: کھانا کھائیں اور خود قسم کھالی کہ میں ہرگز نہیں کھاؤں گا۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم! ہم جو لقمہ بھی لیتے، اس کے نیچے سے اس سے زیادہ کھانا بڑھ جاتا اور انہوں نے اتنا کھایا کہ وہ سیر ہوگئے اور جتنا پہلے تھا اس سے بھی زیادہ ہوگیا۔ حضرت ابوبکرؓ نے دیکھا تو وہ کھانا ویسے کا ویسا بلکہ اس سے بھی زیادہ تھا۔ انہوں نے اپنی بیوی سے کہا: بنی فراس کی بہن! (یہ کیا!) وہ بولیں: قسم میری آنکھوں کی ٹھنڈک کی یہ تو اَب اس سے تین گنا زیادہ ہے جتنا پہلے تھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے بھی اس سے کھایا اور کہنے لگے: وہ تو صرف شیطان تھا یعنی اس کی تحریک پر میں نے نہ کھانے کی قسم کھائی تھی۔ پھر اس میں سے ایک لقمہ کھایا۔ اس کے بعد وہ کھانا اُٹھا کر نبی ﷺ کے پاس لے گئے اور وہ آپؐ کے ہاں صبح تک رہا۔ ہمارے اور ایک قوم کے درمیان عہد تھا اور اس کی معیاد گذر گئی تھی۔ ہم بارہ آدمی الگ الگ چلے گئے۔ ان میں سے ہر ایک آدمی کے ساتھ کچھ لوگ تھے، اللہ بہتر جانتا ہے کہ ہر ایک آدمی کے ساتھ کتنے تھے۔ مگر اس قدر ضرور ہے کہ آپؐ نے ان آدمیوں کو لوگوں کے ساتھ بھیجا۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ کہتے تھے: تو ان سب نے اس کھانے میں سے کھایا۔ یا کچھ ایسا ہی کہا۔ ان کے علاوہ بعض نے کہا: اس جگہ (فَفَرَّقْنَا کی بجائے لفظ) فَعَرَّفْنَا ہے جو عِرَافَۃ سے ہے۔ (یعنی ہم نے نگران بنایا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah