صحیح بخاری 3586: باب عَلاَمَاتِ النُّبُوَّةِ فِي الإِسْلاَمِ
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی عدی نے شعبہ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ نیز بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد (بن جعفر غندر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے ابو وائل سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت حذیفہؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمر بن خطابؓ نے کہا: تم میں سے کون رسول اللہﷺ کی بات فتنہ سے متعلق یاد رکھتا ہے؟ حضرت حذیفہؓ نے کہا: میں یاد رکھتا ہوں، اسی طرح پر جس طرح آپؐ نے فرمایا تھا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: آئیں بیان کریں، آپؓ تو بڑے دلیر ہیں۔ (حضرت حذیفہؓ نے کہا:) رسول اللہﷺ نے فرمایا: وہ فتنہ جو کہ مرد کو اس کی بیوی یا اس کے مال یا اس کے ہمسایہ کی وجہ سے پیش آتا ہے، نماز پڑھنے اور صدقہ دینے اور بھلی بات کا حکم کرنے اور بُری بات سے روکنے سے اس کا کفارہ ہو جاتا ہے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میری مراد اس فتنہ سے نہیں بلکہ وہ فتنہ جو سمندر کی موج کی طرح ٹھاٹھیں مارے گا۔ حضرت حذیفہؓ نے کہا: امیر المومنین! اس فتنہ سے آپؓ کو کوئی ڈر نہیں۔ آپؓ کے اور اس کے درمیان ایک بند دروازہ ہے۔ حضرت عمرؓ نے پوچھا: یہ دروازہ کھولا جائے گا یا توڑا جائے گا؟ حضرت حذیفہؓ نے کہا: نہیں بلکہ توڑا جائے گا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: پھر یہ دروازہ تو کبھی بھی بند نہیں ہونے کا۔ ہم نے (حضرت حذیفہؓ سے) پوچھا: کیا {حضرت عمرؓ کو} اس دروازہ کا علم تھا؟ کہا: ہاں، اسی طرح جس طرح یہ علم تھا کہ کل کی صبح سے پہلے رات ہے۔ میں نے ان سے ایک ایسی حدیث بیان کی جو غلط باتوں میں سے نہ تھی۔ (ابو وائل کہتے تھے کہ) ہم جھینپے کہ حضرت حذیفہؓ سے پوچھیں اور ہم نے مسروق سے کہا تو انہوں نے ان سے پوچھا کہ وہ دروازہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ۔