صحیح بخاری 3595
محمد بن حکم نے مجھ سے بیان کیا کہ نضر نے ہمیں بتایا۔ اسرائیل نے ہمیں خبر دی، (کہا:) سعد طائی نے ہمیں خبر دی کہ محل بن خلیفہ نے ہمیں بتایا کہ حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ایک بار میں نبی ﷺ کے پاس تھا۔ اتنے میں ایک شخص آپؐ کے پاس آیا تو اس نے آپؐ سے بھوک کا شکوہ کیا۔ پھر آپؐ کے پاس ایک اور شخص آیا اور اس نے آپؐ سے رہزنی کا شکوہ کیا۔ آپؐ نے فرمایا: عدی! کیا تم نے حیرہ دیکھا ہے؟ (یہ بستی کوفہ کے پاس ہے) میں نے کہا: اسے میں نے نہیں دیکھا مگر مجھے اس کی نسبت بتایا گیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تمہاری زندگی لمبی ہوئی تو تم اکیلی سوار عورت کو دیکھ لو گے کہ وہ حیرہ سے چل کر آئے گی اور کعبہ کا طواف کرے گی۔ سوا اللہ کے کسی سے نہ ڈرے گی۔ میں نے اپنے دل میں کہا: طی (قبیلہ) کے وہ ڈاکو کہاں چلے جائیں گے جنہوں نے شہروں میں آگ بھڑکائی ہے۔ (آپؐ نے فرمایا:) اگر زندگی تمہاری لمبی ہوئی تو کسرٰی کے خزانے ضرور فتح کیے جائیں گے۔ میں نے کہا: کسرٰی بن ہرمز کے؟ آپؐ نے فرمایا: کسرٰی بن ہرمز کے؛ اور اگر زندگی تمہاری لمبی ہوئی تو تم یہ بھی دیکھ لو گے کہ ایک آدمی اپنی مٹھی بھر سونا یا چاندی نکالے گا اور ایسے شخص کو تلاش کر رہا ہوگا جو اس سے وہ قبول کرے اور وہ کسی کو بھی نہ پائے گا جو اُس سے اس کو لے اور تم میں سے ایک اللہ سے اس روز ضرور ملے گا جس روز کہ وہ اس سے ملے گا۔ حالت یہ ہوگی کہ اس کے اور اللہ کے درمیان کوئی ترجمان نہ ہوگا جو اس کے لئے ترجمانی کرے اور وہ فرمائے گا: کیا میں نے تیرے پاس رسول نہیں بھیجا جو تجھے میرا حکم پہنچائے؟ تو وہ کہے گا: کیوں نہیں، ضرور بھیجا ہے اور وہ فرمائے گا: کیا میں نے تجھے مال نہیں دیا تھا اور تجھ پر فضل نہیں کیا تھا۔ وہ کہے گا: کیوں نہیں، ضرور کیا تھا۔ پھر وہ اپنی دائیں طرف دیکھے گا تو جہنم ہی دیکھے گا اور اپنی بائیں طرف دیکھے گا تو جہنم ہی دیکھے گا۔ عدیؓ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: آگ سے بچو خواہ کھجور کا ایک ٹکڑا دے کر؛ اور جو کھجور کا ایک ٹکڑا نہ پائے تو وہ اچھی بات سے ہی۔ عدیؓ کہتے تھے: چنانچہ میں نے عورت سوار دیکھی جو حیرہ سے چل کر آئی اور کعبہ کا طواف کرتی۔ اللہ کے سوا کسی سے نہ ڈرتی اور میں بھی ان لوگوں میں سے تھا جنہوں نے کسرٰی بن ہرمز کے خزانے فتح کیے اور اگر زندگی تمہاری لمبی ہوئی تو تم بھی ضرور ان باتوں کو پورا ہوتے دیکھ لو گے جو اس نبی ابو القاسم ﷺ نے فرمائی ہیں؛ یعنی یہ کہ ایک آدمی مٹھی بھر (سونا چاندی) لے کر نکلے گا (اور کوئی اس کو قبول نہ کرے گا)۔
عبد اللہ (بن محمد) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو عاصم نے ہمیں بتایا۔ سعدان بن بشر نے ہمیں خبر دی کہ ابو مجاہد نے ہم سے بیان کیا۔ محل بن خلیفہ نے ہمیں بتایا کہ میں نے حضرت عدیؓ سے سنا، (انہوں نے کہا) کہ میں نبی ﷺ کے پاس تھا۔ (اور پھر وہ حدیث بیان کی جو اوپر مذکور ہے۔)