صحیح بخاری 3610: باب عَلاَمَاتِ النُّبُوَّةِ فِي الإِسْلاَمِ
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہا: اس اثناء میں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس تھے، آپؐ اس وقت کوئی مال تقسیم کر رہے تھے کہ اتنے میں ذوالخویصرہ آپؐ کے پاس آیا۔ وہ بنوتمیم میں سے ایک شخص تھا۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ! انصاف فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: وائے افسوس! اور کون انصاف کرے گا، اگر میں نے انصاف نہ کیا؟ پھر تو تم بے مراد ہی رہے اور گھاٹے میں پڑے، اگر میں نے انصاف نہ کیا۔ حضرت عمرؓ بولے: یا رسول اللہ! مجھے اجازت دیں کہ میں اس کی گردن اڑا دوں۔ آپؐ نے فرمایا: اسے رہنے دو، کیونکہ اس کے کچھ ایسے ساتھی ہوں گے کہ تم میں سے ایک اپنی نماز کو ان کی نمازوں کے مقابل اور اپنے روزوں کو ان کے روزوں کے سامنے حقیر سمجھے گا۔ وہ قرآن پڑھیں گے جو اُن کی ہنسلیوں سے آگے نہیں جائے گا۔ دین سے ایسے نکل جائیں گے جیسے تیر شکار سے پار نکل جاتا ہے۔ اس کی بھال میں دیکھا جائے تو اس میں (خون کا) نشان تک نہ پایا جائے۔ پھر اس کے جوڑ کی جگہ کو دیکھا جائے تو اس میں بھی کوئی نشان نہ پایا جائے۔ پھر اس کے بانس کو دیکھا جائے تو اس میں بھی کوئی نشان نہ پایا جائے۔ (نَضِیّ) تیر کی لکڑی کو کہتے ہیں۔ پھر پَر کو دیکھا جائے تو اس میں بھی نشان نہ پایا جائے۔ وہ لید اور خون سے صاف نکل گیا ہے۔ ان لوگوں کی نشانی ایک سیاہ فام شخص ہوگا جس کے بازوؤں میں سے ایک بازو عورت کے پستان یا گوشت کے لوتھڑے کی طرح ہوگا جو تھلتھلاتا ہوگا۔ وہ اس وقت ظاہر ہوں گے جب لوگوں میں تفرقہ ہوگا۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: میں شہادت دیتا ہوں کہ میں نے یہ بات رسول اللہ ﷺ سے سنی اور میں شہادت دیتا ہوں کہ حضرت علی بن ابی طالبؓ نے ان کو قتل کیا اور اس وقت میں ان کے ساتھ تھا۔ انہوں نے اس آدمی کو تلاش کرنے کا حکم دیا۔ اس کی تلاش کی گئی اور اس کو لے کر آئے۔ میں نے اس کو دیکھا۔ وہ اس حُلیہ کے مطابق تھا جو حلیہ کہ نبی ﷺ نے اس کا بیان کیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah