صحیح بخاری 3611: باب عَلاَمَاتِ النُّبُوَّةِ فِي الإِسْلاَمِ
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے خیثمہ سے، خیثمہ نے سُوَید بن غفلہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت علی رضی اللہ عنہ کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ کی کوئی بات میں تم سے بیان کروں تو (یہ سمجھو کہ) آسمان سے گر پڑنا مجھے زیادہ پسند ہے بہ نسبت اس کے کہ میں آپؐ پر افترا کروں۔ اور جب ایسے امور کے متعلق میں تم سے بیان کروں جن کا تعلق میرے اور تمہارے درمیان ہے تو (تمہیں معلوم ہی ہے کہ) جنگ ایک حیلہ (تدبیر) ہی ہوتی ہے۔ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اس زمانہ کے آخر میں ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو کمسن ہوں گے، عقل کے کچے، سارے جہان کی اچھی سے اچھی باتیں کریں گے۔ اسلام سے نکلے ہوں گے جیسے تیر نشان کے پار نکل جاتا ہے۔ ان کے ایمان ان کے حلقوں سے آگے نہیں جائیں گے۔ تم جہاں کہیں بھی ان سے ملو، ان کو مار ڈالو کیونکہ ان کا مار ڈالنا اس شخص کے لئے قیامت کے دن ثواب کا موجب ہوگا جو انہیں مار ڈالے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah