صحیح بخاری 3615: باب عَلاَمَاتِ النُّبُوَّةِ فِي الإِسْلاَمِ
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ احمد بن یزید بن ابراہیم ابوالحسن حرانی نے ہمیں بتایا۔ زُہَیر بن معاویہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحاق نے ہمیں بتایا۔ میں نے حضرت براء بن عازبؓ سے سنا، وہ کہتے تھے کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ میرے باپ کے پاس ان کے مکان میں آئے اور اس سے ایک پالان خریدی۔ انہوں نے حضرت عازبؓ سے کہا: اپنے بیٹے کو میرے ساتھ بھیجو کہ وہ میرے ساتھ یہ اُٹھا کر لے جائے۔ حضرت براءؓ کہتے تھے: چنانچہ میں ان کے ساتھ پالان اُٹھا کر لے گیا اور میرے باپ اس کی قیمت پرکھوانے کے لئے نکلے تو میرے باپ نے ان سے کہا: ابوبکرؓ! وہ واقعہ تو مجھے بتائیں کہ جب آپؓ نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ سفر کیا تھا تو آپ دونوں نے کیا کِیا تھا؟ انہوں نے کہا: ہاں ہم رات بھر چلتے رہے اور دوسرے دن بھی اس وقت تک کہ جب ٹھیک دوپہر کا وقت ہوگیا اور راستہ بالکل خالی ہوگیا۔ کوئی بھی اس پر نہیں گذرتا تھا اور ہمیں ایک لمبی چٹان دکھائی دی جس کا سایہ تھا۔ وہاں دھوپ نہیں آئی تھی۔ ہم اس کے پہلو میں اُترے اور میں نے نبی ﷺ کے لئے جگہ اپنے ہاتھ سے درست کی تا آپؐ وہاں سوئیں اور میں نے اس جگہ پر پوستین بچھا دی اور کہا: یارسول اللہ! سو جائیں اور میں آپؐ کے اردگرد سب طرف نگاہ رکھوں گا (یعنی پہرہ دوں گا۔) آپؐ سو گئے اور میں آپؐ کے اردگرد نگاہ ڈالنے کی نیت سے نکلا۔ میں نے اچانک کیا دیکھا کہ ایک چرواہا اپنی بکریاں لئے اسی چٹان کی طرف سامنے سے آرہا ہے۔ وہ بھی اس چٹان کے سایہ میں اسی طرح ٹھہرنا چاہتا تھا جس طرح ہم نے چاہا۔ میں نے پوچھا: لڑکے تم کس کے ہو؟ اس نے کہا: مدینہ والوں میں سے ایک شخص کا، یا (کہا:) مکہ کے ایک شخص کا۔ میں نے پوچھا: کیا تمہاری بکریوں میں دودھ ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ میں نے کہا: پھر کیا تم دودھ دوہو گے؟ اس نے کہا: ہاں۔ اس نے ایک بکری لی۔ میں نے کہا: تھن کو مٹی، بال، کیچڑ وغیرہ سے صاف کر دو۔ ابواسحاق کہتے تھے: میں نے حضرت براءؓ کو دیکھا کہ وہ اپنے ایک ہاتھ کو دوسرے پر مار کر جھاڑتے تھے۔ اس نے لکڑی کے ایک پیالے میں تھوڑا سا دودھ دوہا۔ میرے پاس چھاگل تھی (سفر میں) مَیں نبی ﷺ کے لئے اُٹھا لایا تھا تا آپؐ اس سے سیر ہو کر پانی پئیں اور وضو کریں۔ میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میں نے پسند نہ کیا کہ آپؐ کو جگاؤں۔ میں آپؐ کے پاس اس وقت آیا جب آپؐ خود جاگے۔ میں نے کچھ پانی دودھ پر ڈالا۔ یہاں تک کہ وہ نیچے تک ٹھنڈا ہوگیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! پیجئے۔ (حضرت ابوبکرؓ کہتے تھے:) آپؐ نے اتنا پیا کہ میں خوش ہوگیا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: کیا ابھی کوچ کا وقت نہیں آیا؟ میں نے کہا: ہاں آگیا ہے۔ کہتے تھے: جب سورج ڈھل چکا تو ہم وہاں سے روانہ ہوگئے اور سراقہ بن مالک ہمارا تعاقب کررہا تھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہمیں دشمن نے پالیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: غم نہ کریں۔ اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ نبی ﷺ نے اس کے خلاف دعا کی تو اس کا گھوڑا اس کے سمیت اپنے پیٹ تک سخت زمین میں دھنس گیا۔ زُہَیر نے شک کیا کہ آیا سخت کا لفظ کہا تھا یا نہیں۔ سراقہ کہنے لگا: میں سمجھتا ہوں کہ آپ دونوں نے مجھ پر بددعا کی ہے۔ اس لئے میرے لئے اب دعا کریں۔ اللہ کے نام کا یہ وعدہ آپ سے کرتا ہوں کہ میں تعاقب کرنے والوں کو تم سے واپس کردوں گا۔ چنانچہ نبی ﷺ نے اس کے لئے دعا کی اور اس نے چھٹکا را پایا تو وہ جس کسی سے بھی ملتا یہی کہتا: میں تمہاری جگہ دیکھ آیا ہوں۔ چنانچہ وہ جس کسی کو بھی ملتا، اسے واپس کر دیتا۔ کہتے تھے: اور اس نے ہم سے وفاداری کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah