صحیح بخاری 3663: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " لَوْ كُنْتُ مُتَّخِذًا خَلِيلاً " قَالَهُ أ …
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا۔ شعیب نے ہمیں خبر دی کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن بن عوف نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اس اثناء میں کہ ایک چرواہا اپنی بکریوں میں تھا کہ بھیڑئیے نے اس پر حملہ کیا اور ان بکریوں میں سے ایک بکری لے گیا۔ وہ چرواہا اس کے پیچھے گیا تو بھیڑئیے نے اس کی طرف مڑ کر دیکھا اور کہنے لگا: درندوں کے زمانہ میں اس کا کون ہوگا ، جس دن میرے سوا اس کا کوئی اور چرواہا نہ ہوگا۔ اور ایک بار ایک شخص ایک گائے ہانکے لئے جا رہا تھا۔ اس پر اس نے بوجھ لادا ہوا تھا۔ اس گائے نے اس کی طرف مڑ کر دیکھا اور اس سے بولی، کہنے لگی: میں تو اس کام کے لئے نہیں پیدا کی گئی بلکہ مجھے کھیتی کے لئے پیدا کیا گیا ہے۔ لوگوں نے کہا: سبحان اللہ! نبی ﷺ نے فرمایا: میں، ابوبکر اور عمر بن خطاب رضی اللہ عنہم تو یہ بات مانتے ہیں۔