صحیح بخاری 3674: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " لَوْ كُنْتُ مُتَّخِذًا خَلِيلاً " قَالَهُ أ …
محمد بن مسکین ابوالحسن نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن حسان نے ہمیں بتایا۔ سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے شریک بن ابی نمر سے، شریک نے سعید بن مسیب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ نے مجھے بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر میں وضو کیا پھر باہر نکلے اور کہا: میں رسول اللہ ﷺ سے الگ نہیں ہوں گا اور آج سارا دن آپؐ کے ساتھ ہی رہوں گا۔ سلیمان کہتے تھے: چنانچہ وہ مسجد میں آئے اور انہوں نے نبی ﷺ کی بابت پوچھا۔ لوگوں نے کہا: باہر نکلے ہیں اور اس طرف گئے ہیں۔ میں آپؐ سے متعلق پوچھتا پچھاتا آپؐ کے پیچھے چلا گیا۔ آپؐ اریس باغ میں گئے تھے، میں دروازے کے پاس بیٹھ گیا اور اس کا دروازہ کھجور کی ڈالیوں کا تھا۔ جب رسول اللہ ﷺ حاجت سے فارغ ہوئے۔ آپؐ نے وضو کیا اور میں اُٹھ کر آپؐ کی طرف گیا تو کیا دیکھا آپؐ اریس کنوئیں کی منڈیر پر بیٹھے ہیں اور پنڈلیوں سے کپڑا اُٹھایا ہوا ہے۔ آپؐ اپنی دونوں ٹانگیں کنوئیں میں لٹکائے ہوئے تھے۔ میں نے آپؐ کو السلام علیکم کہا۔ پھر لوٹ آیا اور آکر دروازے پر بیٹھ گیا۔ میں نے کہا: آج میں رسول اللہ ﷺ کا دربان بنوں گا۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ آئے اور انہوں نے دروازے کو دھکیلا۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: ابوبکرؓ۔ میں نے کہا: ذرا ٹھہر جائیں۔ پھر میں نے جاکر کہا: یا رسول اللہ! یہ حضرت ابوبکرؓ ہیں جو اندر آنے کی اجازت چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: انہیں اجازت دو اور ان کو جنت کی بشارت دو۔ میں نے آکر حضرت ابوبکرؓ سے کہا: اندر آجائیں اور رسول اللہ ﷺ آپ کو جنت کی بشارت دیتے ہیں۔ حضرت ابوبکرؓ اندر آئے اور رسول اللہ ﷺ کی دائیں طرف آپؐ کے ساتھ منڈیر پر بیٹھ گئے اور انہوں نے بھی اپنی ٹانگیں کنوئیں میں لٹکا دیں جیسا کہ نبی ﷺ نے کیا تھا اور اپنی پنڈلیوں سے کپڑا اُٹھا لیا۔ پھر میں واپس آیا اور بیٹھ گیا اور میں اپنے بھائی کو چھوڑ آیا تھا کہ وضو کر کے مجھ سے آ ملیں۔ میں نے دل میں کہا کہ اگر اللہ فلاں کی بہتری چاہے گا اس کو لے آئے گا۔ اس سے ان کی مراد اپنے بھائی سے تھی۔ میں نے کیا دیکھا کہ کوئی آدمی دروازے کو ہلا رہا ہے۔ میں نے کہا: یہ کون ہے؟ کہا: عمر بن خطابؓ۔ میں نے کہا: ذرا ٹھہر جائیں۔ پھر میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو السلام علیکم کہا اور میں نے کہا: یہ حضرت عمر بن خطابؓ ہیں جو اندر آنے کی اجازت چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: انہیں اجازت دو اور ان کو جنت کی بشارت دو۔ میں آیا، میں نے کہا: اندر آئیں اور رسول اللہ ﷺ نے آپؓ کو جنت کی بشارت دی ہے۔ وہ اندر آئے اور منڈیر پر رسول اللہ ﷺ کے ساتھ آپؐ کی بائیں طرف بیٹھ گئے اور اپنے پاؤں کنوئیں میں لٹکا دئیے۔ پھر میں لوٹ آیا اور آکر بیٹھ گیا۔ میں نے کہا: اگر اللہ نے فلاں کی بہتری چاہی تو اس کو لے آئے گا۔ اتنے میں ایک آدمی آیا۔ دروازے کو ہلانے لگا۔ میں نے کہا: یہ کون ہے؟ کہا: عثمان بن عفانؓ۔ میں نے کہا: ذرا ٹھہریں اور میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو خبر دی۔ آپؐ نے فرمایا: ان کو اجازت دو اور ان کو جنت کی بشارت دو، باوجود ایک بڑی مصیبت کے جو انہیں پہنچے گی۔ میں ان کے پاس آیا اور میں نے ان سے کہا: اندر آئیں اور رسول اللہ ﷺ نے آپؓ کو جنت کی بشارت دی ہے، باوجود ایک بڑی مصیبت کے جو آپ کو پہنچے گی۔ وہ اندر آئے اور دیکھا کہ منڈیر کا ایک کنارہ بھر گیا ہے تو وہ آپؐ کے سامنے دوسرے کنارے پر بیٹھ گئے۔ شریک بن عبد اللہ کہتے تھے: سعید بن مسیب نے کہا: میں نے اس سے یہ سمجھا کہ ان کی قبریں بھی اسی ترتیب سے ہوں گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah