صحیح بخاری 3696: باب مَنَاقِبُ عُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ أَبِي عَمْرٍو الْقُرَشِيِّ رضى الله عنه
احمد بن شبیب بن سعید نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے یونس سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ ابن شہاب سے روایت ہے۔ عروہ نے مجھ کو خبر دی۔ عبیداللہ بن عدی بن خیار نے ان کو بتایا کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ اور عبدالرحمٰن بن اسود بن عبدیغوث دونوں نے مجھے کہا کہ تمہیں کیا بات روک ہے کہ حضرت عثمانؓ سے ان کے بھائی ولید سے متعلق گفتگو کرو کیونکہ لوگوں نے اس کے متعلق بہت کچھ چہ مگوئیاں کی ہیں۔ تو میں حضرت عثمانؓ کے پاس گیا۔ وہ نماز کے لئے باہر آئے۔ میں نے کہا: آپ سے مجھے ایک کام ہے اور وہ آپ کی خیر خواہی ہی ہے۔ حضرت عثمانؓ نے کہا: بھلے آدمی۔ تم سے… معمر نے کہا: میں سمجھتا ہوں، انہوں نے کہا: میں تم سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں۔ یہ سن کر میں وہاں سے چل دیا اور ان لوگوں کے پاس واپس آیا۔ اتنے میں حضرت عثمانؓ کا پیغامبر آیا اور میں ان کے پاس گیا۔ انہوں نے پوچھا: تمہاری کیا خیر خواہی ہے؟ میں نے کہا: اللہ سبحانہ نے محمدؐ کو سچائی کے ساتھ مبعوث فرمایا اور آپؐ پر کتاب نازل کی اور آپؓ بھی انہی لوگوں میں سے ہیں، جنہوں نے اللہ اور اس کے رسولؐ کی دعوت قبول کی اور آپؓ نے دو ہجرتیں بھی کیں اور رسول اللہؐ کا ساتھ دیا اور آپؓ نے حضورؐ کی روش دیکھی اور ولید کے متعلق لوگ بہت کچھ کہہ چکے ہیں۔ حضرت عثمانؓ نے کہا: کیا تم نے رسول اللہؐ کا زمانہ پایا؟ میں نے کہا: نہیں۔ لیکن آپؐ کے علم سے وہ باتیں مجھے پہنچی ہیں جو ایک کنواری عورت کو بھی اس کے پردے میں پہنچتی ہیں۔ حضرت عثمانؓ نے فرمایا: اما بعد۔ اللہ نے یقینا محمدؐ کو سچائی کے ساتھ بھیجا اور میں بھی ان لوگوں میں سے ہوں جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول کی دعوت قبول کی اور میں ان تمام باتوں پر ایمان لایا جن کے ساتھ آپؐ مبعوث کئے گئے اور میں نے دو ہجرتیں بھی کیں جیسا کہ تم نے کہا۔ اور میں رسول اللہؐ کے ساتھ رہا اور آپؐ کی بیعت کی اور اللہ کی قسم! میں نے آپؐ کی نافرمانی نہیں کی اور نہ آپؐ سے کوئی دغا کیا یہاں تک کہ اللہ نے آپؐ کو وفات دی۔ پھر حضرت ابوبکرؓ بھی میرے لئے ویسے ہی مطاع رہے اور حضرت عمرؓ بھی ویسے مطاع رہے۔ پھر مجھے خلیفہ بنایا گیا تو کیا میرا بھی وہی حق نہیں جو ان کا ہے؟ میں نے کہا: کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا: تو پھر یہ کیا باتیں ہیں جو تمہاری طرف سے مجھے پہنچتی رہتی ہیں؟ اور یہ جو ولید کے معاملہ سے متعلق تم نے ذکر کیا ہے تو ہم انشاء اللہ اس کو واجبی سزا دیں گے۔ پھر اس کے بعد انہوں نے حضرت علیؓ کو بلایا اور ان سے فرمایا کہ اس کو کوڑے لگائیں اور انہوں نے اس کو اَسّی کوڑے لگائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 7: باب مَنَاقِبُ عُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ أَبِي عَمْرٍو الْقُرَشِيِّ رضى الله عنه