صحیح بخاری 3703: باب مَنَاقِبُ عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ الْقُرَشِيِّ الْهَاشِمِيِّ أَبِي الْحَسَنِ رضى ال …
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ ایک شخص حضرت سہل بن سعدؓ کے پاس آیا اور مدینہ کے امیر کا نام لے کر کہا: یہ فلاں شخص حضرت علیؓ کو منبر کے پاس بیٹھ کر بُرا بھلا کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سہلؓ نے پوچھا: کیا (کہتا ہے؟) اس نے کہا: ان کو ابوتراب کہتا ہے۔ یہ سن کر حضرت سہلؓ ہنس پڑے۔ کہنے لگے: بخدا نبی ﷺ نے ہی ان کا یہ نام رکھا تھا اور حضرت علیؓ کو اس سے بڑھ کر اور کوئی نام پیارا نہ تھا۔ میں نے بات کا مزا اُٹھا کر حضرت سہلؓ سے پوچھا۔ میں نے کہا: ابوعباسؓ! آنحضرت ﷺ نے یہ نام کیسے رکھا تھا؟ انہوں نے کہا: حضرت علیؓ حضرت فاطمہؓ کے پاس گئے اور پھر باہر چلے آئے اور مسجد میں لیٹ رہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تمہارے چچا کا بیٹا کہاں ہے؟ حضرت فاطمہؓ نے کہا: مسجد میں۔ وہاں سے نکل کر آپؐ ان کے پاس آئے اور دیکھا کہ ان کی چادر ان کی پیٹھ سے گر پڑی ہے اور مٹی ان کی پیٹھ کو لگی ہوئی ہے۔ تو آپؐ ان کی پیٹھ سے مٹی پونچھنے لگے اور یہ فرما رہے تھے: ابوتراب اُٹھ بیٹھو۔ ابوتراب اُٹھ بیٹھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah