صحیح بخاری 3742: باب مَنَاقِبُ عَمَّارٍ وَحُذَيْفَةَ رضى الله عنهما
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں شام (کے ملک میں) آیا اور میں نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر میں نے کہا: اے اللہ! میرے لئے کوئی نیک ہم نشین مہیا کر، پھر میں لوگوں کے پاس آیا۔ ان کے پاس جا بیٹھا۔ اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک بوڑھا شخص آیا اور میرے پہلو میں بیٹھ گیا۔ میں نے کہا: یہ کون ہیں؟ لوگوں نے کہا: حضرت ابودرداءؓ۔ میں نے (ان سے) کہا: میں نے اللہ سے یہ دعا کی تھی کہ میرے لئے کوئی نیک ہم نشین میسر کرے تو اس نے میرے لئے آپ کو بھیج دیا۔ انہوں نے پوچھا: تم کن لوگوں میں سے ہو؟ میں نے کہا: اہل کوفہ سے۔ انہوں نے کہا: کیا تمہارے پاس امّ عبد کے بیٹے (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) نہیں ہیں جو آنحضرت ﷺ کے کفش (جوتے) اور تکیہ اور وضو کا برتن اپنے پاس رکھتے تھے؟ اور کیا تم میں وہ (حضرت عمار بن یاسرؓ) نہیں ہیں جن کو اللہ نے شیطان سے پناہ دی؟ جیسا کہ نبی ﷺ نے اپنی زبان سے فرمایا۔ (اور کہا:) کیا تم میں نبی ﷺ کا وہ رازدار نہیں ہے کہ جس راز کو اُن کے سوا کوئی نہیں جانتا تھا۔ پھر حضرت ابودرداءؓ نے پوچھا: عبداللہؓ (بن مسعود) سورۃ اللیل کس طرح پڑھتے ہیں؟ میں نے ان کے سامنے یہ سورۃ یوں پڑھی: وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَى وَالنَّهَارِ إِذَا تَجَلَّى وَالذَّکَرِ وَالْأُ نْثٰی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے بخدا مجھے یہ سورۃ منہ در منہ اسی طرح پڑھائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah