صحیح بخاری 3799: باب قَوْلُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " اقْبَلُوا مِنْ مُحْسِنِهِمْ وَتَجَاوَزُوا عَن …
محمد بن یحيٰ ابوعلی نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدان کے بھائی شاذان نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ بن حجاج نے ہمیں بتایا کہ ہشام بن زید سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ کہتے تھے: حضرت ابوبکر اور حضرت عباس رضی اللہ عنہما انصار کی ایک مجلس پر سے گزرے اور وہ لوگ رو رہے تھے۔ انہوں نے پوچھا: تمہیں کیا بات رُلا رہی ہے؟ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا ہم میں بیٹھنا ہمیں یاد آیا ہے۔ یہ دیکھ کر وہ نبی ﷺ کے پاس اندر گئے اور انہوں نے آپؐ کو یہ بتلایا۔ حضرت انس بن مالکؓ کہتے تھے: اس پر نبی ﷺ باہر آئے اور آپؐ نے اپنے سر پر چادر کا کنارہ باندھا ہوا تھا۔ آپؐ منبر پر چڑھے۔ پھر اس دن کے بعد آپؐ اس منبر پر نہیں چڑھے۔ آپؐ نے اللہ کی حمد و ثناء بیان کی۔ پھر اس کے بعد فرمایا: انصار کے متعلق میں تمہیں وصیت کرتا ہوں کیونکہ وہ میری پونجی ہیں اور میرے محرم راز ہیں۔ ان کے ذمہ جو حق تھا وہ اس کو ادا کر چکے ہیں اور جو اُن کا حق ہے وہ باقی ہے۔ ان میں جو نیک ہو اُس کی قدر کرنا اور جو بُرا ہو اُس سے درگزر کرنا۔