صحیح بخاری 3827: باب حَدِيثُ زَيْدِ بْنِ عَمْرِو بْنِ نُفَيْلٍ
موسیٰ نے کہا: سالم بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا اور میں یہی جانتا ہوں کہ انہوں نے بھی اس کے متعلق حضرت ابن عمرؓ سے ہی روایت کرتے ہوئے بتایا کہ زید بن عمرو بن نفیل شام کے ملک کو دین کے متعلق دریافت کرنے کے لئے گئے تا کہ اس کی پیروی کریں۔ چنانچہ وہ ایک یہودی عالم سے ملے جس سے انہوں نے ان کے دین کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: مجھے بتائیں شاید میں تمہارا ہی دین اختیار کر لوں۔ اس نے کہا: ہمارے مذہب پر نہ ہونا ورنہ تم بھی غضب الٰہی سے اپنا حصہ لوگے۔ زید نے کہا: میں تو اللہ کے غضب سے بھاگ رہا ہوں اور میں تو اللہ کی ناراضگی کو کبھی بھی برداشت نہیں کروں گا اور میں اس کی طاقت کہاں رکھتا ہوں۔ کیا تم مجھے اس کے علاوہ کسی دین کا پتہ دیتے ہو؟ اس نے کہا: میں تو یہی جانتا ہوں کہ انسان حنیف ہو۔ زید نے کہا: حنیف کیا ہوتا ہے؟ اس نے کہا: ابراہیمؑ کا دین۔ نہ وہ یہودی تھے نہ نصرانی اور وہ صرف اللہ ہی کی پرستش کرتے تھے۔ پھر زید وہاں سے نکلے اور نصاریٰ کے ایک عالم سے ملے۔ اس سے بھی یہی ذکر کیا۔ اس نے کہا: تم ہمارے مذہب پر کبھی نہ ہونا ورنہ تم اللہ کی لعنت سے اپنا حصہ لو گے۔ زید نے کہا: میں اللہ کی لعنت سے ہی بھاگ رہا ہوں اور میں اللہ کی لعنت اور نہ اس کا غضب برداشت کر سکتا ہوں اور مجھے یہ طاقت ہی کہاں۔ کیا تم مجھے کسی اور دین کا پتہ دیتے ہو؟ اس نے کہا: میں یہی جانتا ہوں کہ انسان حنیف ہو۔ زید نے پوچھا: یہ حنیف کیا ہوتا ہے؟ اس نے کہا: ابراہیمؑ کا دین۔ نہ وہ یہودی تھے نہ نصرانی اور صرف اللہ کی عبادت کرتے تھے۔ جب زید نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے متعلق ان کی رائے دیکھی تو وہاں سے وہ نکلے۔ جب باہر میدان میں آئے تو انہوں نے اپنے دونوں ہاتھ اٹھائے اور کہا: اے میرے اللہ! میں یہ اقرار کرتا ہوں کہ میں حضرت ابراہیمؑ کے دین پر ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah