صحیح بخاری 3852: باب مَا لَقِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابُهُ مِنَ الْمُشْرِكِينَ بِمَكَّةَ

(عبداللہ بن زبیر مکی) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے کہا: بیان (بن بشر) اور اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے کہا: ہم نے قیس سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت خبابؓ (بن ارتّ) سے سنا۔ کہتے تھے: میں نبی کریم ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ کعبہ کے سایہ میں ایک چادر پر تکیہ لگائے بیٹھے تھے اور اس زمانہ میں ہم نے مشرکین سے بہت تکلیف اُٹھائی تھی۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ اللہ سے ہمارے لیے دعا نہیں کرتے؟ آپؐ یہ سن کر بیٹھ گئے۔ آپؐ کا چہرہ سرخ تھا۔ آپؐ نے فرمایا: تم سے پہلے ایسے لوگ بھی تھے جن کے گوشت اور پٹھوں میں ہڈیوں تک لوہے کی کنگھیاں چلائی جاتی تھیں۔ تب بھی یہ بات ان کو ان کے دین سے نہ پھیرتی اور ان کے سر کی مانگ پر آری رکھ کر دو ٹکڑوں میں چیر دئیے جاتے تب بھی یہ بات ان کو ان کے دین سے نہ پھیرتی۔ اللہ ضرور بالضرور اس کام کو پورا کرے گا۔ یہاں تک کہ سوار صنعاء سے حضرموت تک سفر کرے گا اور بجز اللہ کے کسی سے نہیں ڈرے گا۔ بیان نے اپنی روایت میں یہ الفاظ بڑھائے ہیں: سوائے بھیڑیے کے اپنی بکریوں کے متعلق۔

حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ حَدَّثَنَا بَيَانٌ وَإِسْمَاعِيلُ قَالاَ سَمِعْنَا قَيْسًا يَقُولُ سَمِعْتُ خَبَّابًا يَقُولُ أَتَيْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم وَهْوَ مُتَوَسِّدٌ بُرْدَةً وَهْوَ فِي ظِلِّ الْكَعْبَةِ وَقَدْ لَقِينَا مِنَ الْمُشْرِكِينَ شِدَّةً فَقُلْتُ أَلاَ تَدْعُو اللَّهَ فَقَعَدَ وَهْوَ مُحْمَرٌّ وَجْهُهُ فَقَالَ " لَقَدْ كَانَ مَنْ قَبْلَكُمْ لَيُمْشَطُ بِمِشَاطِ الْحَدِيدِ مَا دُونَ عِظَامِهِ مِنْ لَحْمٍ أَوْ عَصَبٍ مَا يَصْرِفُهُ ذَلِكَ عَنْ دِينِهِ وَيُوضَعُ الْمِنْشَارُ عَلَى مَفْرِقِ رَأْسِهِ فَيُشَقُّ بِاثْنَيْنِ مَا يَصْرِفُهُ ذَلِكَ عَنْ دِينِهِ وَلَيُتِمَّنَّ اللَّهُ هَذَا الأَمْرَ حَتَّى يَسِيرَ الرَّاكِبُ مِنْ صَنْعَاءَ إِلَى حَضْرَمَوْتَ مَا يَخَافُ إِلاَّ اللَّهَ ". زَادَ بَيَانٌ وَالذِّئْبَ عَلَى غَنَمِهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

باب 29: باب مَا لَقِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابُهُ مِنَ الْمُشْرِكِينَ بِمَكَّةَ

آج 10 میں سے 10 باقی