صحیح بخاری 3855: باب مَا لَقِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابُهُ مِنَ الْمُشْرِكِينَ بِمَكَّةَ
عثمان بن ابی شیبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا کہ منصور سے روایت ہے کہ سعید بن جبیر نے مجھ سے بیان کیا یا کہا کہ حکم (بن عتیبہ) نے سعید بن جبیر سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبدالرحمٰن بن ابزیٰؓ نے مجھے بتایا اور کہا کہ حضرت ابن عباسؓ سے ان دو آیتوں کے متعلق پوچھو کہ ان کا کیا مطلب ہے؟ (۱) اس نفس کو مت قتل کرو جس کو اللہ نے معزز قرار دیا ہے۔ (۲) جو کسی مومن کو عمداً قتل کرے گا۔ چنانچہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: جب وہ آیت جو سورة الفرقان میں ہے، نازل ہوئی )یعنی رحمٰن کے بندے… وہ لوگ بھی ہیں جو اللہ کے ساتھ کسی دوسرے معبود کو نہیں پکارتے اور کسی ایسی جان کو جسے اللہ نے حرمت بخشی ہو ناحق قتل نہیں کرتے اور زنا نہیں کرتے اور جو کوئی ایسا کرے گا، گناہ کی سزا پائے گا) مکہ کے مشرک لوگ کہنے لگے: ہم نے تو اس نفس کو بھی مارا ہے جس کو اللہ نے قابل عزت قرار دیا ہے اور اللہ کے ساتھ اور معبود بھی پکارتے رہے اور ہم نے بدکاریاں بھی کیں۔ (تو ہمیں ایمان لانے سے کیا فائدہ؟) اس پر اللہ نے یہ وحی نازل کی: سوائے اس کے جو توبہ کرے اور ایمان لائے… تو یہ آیت ایسے ہی لوگوں کے لئے ہے اور وہ آیت جو سور ة النساء میں ہے، اس سے وہ شخص مراد ہے کہ جس نے اسلام اور اس کے شرعی احکام کو سمجھ لیا اور پھر قتل کیا تو اس کی سزا جہنم ہوگی۔ (حضرت عبدالرحمٰن بن ابزیٰؓ نے کہا:) میں نے حضرت ابن عباسؓ کا یہ قول مجاہد سے بیان کیا تو انہوں نے کہا: (دوسری آیت میں بھی یہی استثناء ہے یعنی) سوائے اس کے جو پشیمان ہو…
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 29: باب مَا لَقِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابُهُ مِنَ الْمُشْرِكِينَ بِمَكَّةَ