صحیح بخاری 3856: باب مَا لَقِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابُهُ مِنَ الْمُشْرِكِينَ بِمَكَّةَ
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا کہ اوزاعی نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ بن ابی کثیر نے مجھے بتایا کہ محمد بن ابراہیم تیمی سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے (حضرت عبداللہ) بن عمرو بن العاصؓ سے پوچھا: وہ بدترین سلوک مجھے بتائیں جو مشرکین نے نبی کریم ﷺ سے کیا تھا؟ انہوں نے کہا: ایک بار نبی کریم ﷺ مسجد کے حطیم مقام میں نماز پڑھ رہے تھے کہ عقبہ بن ابی مُعَیط آیا اور اس نے اپنا کپڑا آپؐ کی گردن میں ڈال کر آپؐ کا گلا زور سے گھونٹا۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ پہنچ گئے اور آکر انہوں نے عقبہ کا کندھا پکڑا اور اسے دھکیل کر نبی کریم ﷺ سے ہٹا دیا اور کہا: کیا تم ایسے شخص کو مارتے ہو جو کہتا ہے: میرا ربّ اللہ ہے؟ عیاش بن ولید کی طرح (محمد) بن اسحاق نے بھی اسے روایت کیا ہے۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ بن عروہ نے عروہ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ اس میں یوں ہے: حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے۔ میں نے کہا: اور عبدہ نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ (عروہ) سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: حضرت عمرو بن العاصؓ سے کہا گیا۔ اور محمد بن عمرو نے ابوسلمہ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: حضرت عمرو بن العاصؓ نے مجھ سے بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 29: باب مَا لَقِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابُهُ مِنَ الْمُشْرِكِينَ بِمَكَّةَ