صحیح بخاری 3864: باب إِسْلاَمِ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ رضى الله عنه
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا، کہا: عمر بن محمد نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میرے دادا زید بن عبداللہ بن عمر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی، کہتے تھے: ایک بار حضرت عمرؓ اپنے گھر میں خوفزدہ بیٹھے تھے کہ اتنے میں ابوعمرو عاص بن وائل سہمی آئے اور وہ ایک نقش دار چادر اور ایک ریشمی حاشیے دار قمیص پہنے ہوئے تھے اور وہ بنو سہم قبیلہ میں سے تھے جو زمانہ جاہلیت میں ہمارے حلیف تھے۔ عاص نے (حضرت عمرؓ سے) کہا: تمہارا یہ کیا حال ہے؟ حضرت عمرؓ نے کہا: تمہاری قوم یہ خیال کرتی ہے کہ اگر میں مسلمان ہوگیا تو وہ مجھے مار ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا: تم تک کوئی نہیں پہنچ سکے گا۔ میں مطمئن ہوگیا جب عاص نے یہ بات کہی۔ عاص چلے گئے اور لوگوں سے ملے اور یہ حالت تھی کہ وادی (مکہ) ان سے بہہ رہی تھی۔ (بھر پور تھی) عاص نے پوچھا: کہاں کا قصد ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم اس خطاب کے بیٹے کی طرف جارہے ہیں جو بے دین ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا: اس کے پاس نہیں جانا۔ یہ سن کر لوگ واپس ہوگئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah