صحیح بخاری 3866: باب إِسْلاَمِ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ رضى الله عنه
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھ سے بیان کیا، کہا کہ عمر (بن محمد بن زید) نے مجھ سے بیان کیا کہ سالم نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے ان کو بتایا، کہا: میں نے حضرت عمرؓ سے جس بات کے متعلق بھی کبھی یہ کہتے سنا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ یوں ہوگی تو وہ ضرور ویسی ہوتی۔ ایک بار حضرت عمرؓ بیٹھے ہوئے تھے کہ ان کے پاس سے ایک خوبصورت شخص گزرا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میرا گمان یقیناً غلط ہوگا اگر یہ شخص اپنے اس دین پر نہ ہوا جس پر کہ جاہلیت میں تھا یا کہا کہ یہ شخص ان کا کاہن ہوا کرتا تھا۔ اس شخص کو میرے پاس لے آؤ۔ چنانچہ وہ اس کو بلا کر حضرت عمرؓ کے پاس لے آئے۔ حضرت عمرؓ نے اس کو وہی بات کہی تو اس نے کہا: میں نے کبھی ایسا دن نہیں دیکھا کہ جس میں کسی مسلمان شخص کو ایسی بات پیش آئی ہو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں تمہیں قسم دیتا ہوں کہ تم نے مجھے ضرور ہی اپنا حال بتانا ہوگا۔ اس نے کہا کہ میں زمانہ جاہلیت میں ان کا کاہن ہوا کرتا تھا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: عجیب سے عجیب وہ بات بتا جو تمہاری جِنّی تمہارے پاس لائی ہو۔ اس نے کہا: ایک بار میں بازار میں تھا، وہ میرے پاس ایسی حالت میں آئی کہ میں نے اس میں گھبراہٹ معلوم کی، کہنے لگی کہ کیا تم نے جِنّوں کو نہیں دیکھا کہ ان کو دھتکارا گیا ہے، وہ کس قدر پریشان اور مایوس ہیں اور اپنی اونٹنیوں اور پالانوں کے گدوں سے جا ملے ہیں؟ حضرت عمرؓ نے کہا: سچ ہے ایک بار میں بھی ان کے بتوں کے پاس سویا ہوا تھا کہ اتنے میں ایک شخص گائے کا بچھڑا لے کر آیا، اس نے اس کو ذبح کیا اور پھر ایک آواز دینے والے نے اس کو اس زور سے چلا کر کہا کہ میں نے کبھی کسی پکارنے والے کو نہیں سنا کہ جس کی آواز اس سے بڑھ کر ہو۔ وہ کہتا تھا: ارے بے حیا دشمن! بامراد کرنے والی ایک بات ہے، ایک خوش بیان شخص ہے جو لَا اِلٰہَ اِلَّا أَنْتَ کہہ رہا ہے۔ یہ سنتے ہی لوگ جلدی سے اُٹھ کھڑے ہوئے۔ میں نے کہا: میں تو (اس جگہ سے) نہیں جانے کا جب تک کہ یہ نہ معلوم کرلوں یہ آواز کہاں سے آئی ہے۔ اس کے بعد پھر وہ پکارا: ارے بے حیا دشمن! بامراد کرنے والی بات ہے، ایک خوش بیان شخص ہے جو لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کہہ رہا ہے۔ یہ سن کر میں بھی کھڑا ہوگیا۔ ابھی کچھ دیر نہیں گزری تھی کہ لوگ کہنے لگے کہ یہ نبی ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah