صحیح بخاری 3926: باب مَقْدَمِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابِهِ الْمَدِينَةَ
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہمیں بتایا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے عروہ سے، عروہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: جب رسول اللہ ﷺ مدینہ میں تشریف لائے تو حضرت ابوبکرؓ اور حضرت بلالؓ کو بخار ہوگیا۔ کہتی تھیں: میں ان دونوں کے پاس گئی اور پوچھا: ابا! آپ اپنے تئیں کیسا پاتے ہیں اور بلالؓ تم اپنے آپ کو کیسا پاتے ہو؟ کہتی تھیں: جب حضرت ابوبکرؓ کو بخار چڑھتا تو وہ یہ شعر پڑھتے: ہر آدمی جب اپنے کنبے میں صبح کو اُٹھتا ہے سلامتی کی دعائیں دی جاتی ہیں اور حالت یہ ہوتی ہے کہ موت اس کی جوتی کے تسمہ سے زیادہ قریب ہوتی ہے۔ اور بلال جب ان سے بخار اتر جاتا تو وہ چلاکر روتے اور یہ شعر پڑھتے: اے کاش کہ مجھے پتہ ہو آیا میں وادیٴ مکہ میں ایک رات پھر بھی گزاروں گا اور میرے آس پاس اذخر اور جلیل گھاس ہوں گے۔ اور آیا کسی دن میں مجنہ کے پانیوں پر پہنچوں گا اور کیا شامہ اور طفیل پہاڑ مجھے دکھائی دیں گے۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور ان کا یہ خیال آپؐ سے بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! مدینہ بھی ہمیں ایسا ہی پیارا بنا جیسا کہ مکہ سے ہمیں محبت ہے بلکہ اس سے بڑھ کر؛ اور اس کو صحت بخش جگہ بنا اور ہمارے لئے اس کے صاع اور مد میں برکت دے اور اس کے بخار کو یہاں سے لے جاکر جحفہ میں اسے ڈال دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 46: باب مَقْدَمِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابِهِ الْمَدِينَةَ