صحیح بخاری 3929: باب مَقْدَمِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابِهِ الْمَدِينَةَ
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا۔ خارجہ بن زید بن ثابت سے روایت ہے کہ حضرت امّ العلاءؓ جو انصار کی عورتوں میں سے ایک خاتون تھی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے بیعت کی تھی۔ انہوں نے ان کو بتایا کہ حضرت عثمان بن مظعونؓ رہائش کیلئے ان کے حصہ میں آئے جبکہ انصار نے مہاجروں کی رہائش کیلئے قرعے ڈالے تھے۔ حضرت امّ العلاءؓ کہتی تھیں کہ حضرت عثمانؓ ہمارے پاس بیمار ہوگئے۔ میں ان کی تیمار داری کرتی رہی مگر فوت ہوگئے اور ہم نے ان کو ان کے کپڑوں ہی میں کفنایا۔ نبی ﷺ ہمارے پاس آئے۔ میں نے کہا: ابوسائبؓ ! تم پر اللہ کی رحمت ہو۔ تمہارے متعلق میری شہادت یہی ہے کہ اللہ نے ضرور تمہیں نوازا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تمہیں کیا پتہ اللہ نے اسے نوازا ہے؟ کہتی تھی: میں نے کہا: میرے ماں باپ آپؐ کے قربان میں نہیں جانتی کہ پھر اور کس کو نوازے گا۔ آپؐ نے فرمایا: ان کے متعلق کیا کہنا بخدا یہ تو فوت ہوگئے اور ان کے لئے بھلائی ہی کی امید رکھتا ہوں اور اللہ کی قسم! میں بھی نہیں جانتا حالانکہ میں اللہ کا رسول ہوں کہ مجھ سے کیا کیا جائے گا۔ کہتی تھیں: اس کے بعد اب میں کسی کو بھی پاک نہیں ٹھہراتی۔ کہتی تھیں: اس بات نے مجھے غمگین کردیا اور میں سو گئی اور مجھے خواب میں حضرت عثمانؓ کا ایک چشمہ دکھایا گیا جو بہہ رہا تھا۔ میں رسول ﷺ کے پاس آئی اور آپؐ سے یہ خواب بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ ان کا عمل ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 46: باب مَقْدَمِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَأَصْحَابِهِ الْمَدِينَةَ