صحیح بخاری 3962: باب قَتْلِ أَبِي جَهْلٍ
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر (بن معاویہ) نے ہمیں بتایا (کہا:) سلیمان تیمی نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ نے ان کو بتایا، وہ کہتے تھے کہ نبیﷺ نے فرمایا... (امام بخاریؒ کہتے ہیں:) عمرو بن خالد نے بھی مجھ سے بیان کیا کہ زُہَیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان تیمی سے، سلیمان نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی وہ کہتے تھے کہ نبیﷺ نے (جنگ بدر کے دن) فرمایا: کون دیکھے گا کہ ابوجہل کا کیا حال ہوا ہے؟ حضرت ابن مسعودؓ گئے اور جا کر دیکھا کہ اس کو عفراء کے دونوں بیٹوں (معاذ اور معوذ) نے (تلواروں سے) اتنا مارا ہے کہ وہ مرنے کے قریب ہوگیا ہے۔ حضرت ابن مسعودؓ نے پوچھا: کیا تم ابوجہل ہو؟ حضرت ابن مسعودؓ کہتے تھے کہ انہوں نے ابوجہل کی داڑھی پکڑی۔ ابوجہل کہنے لگا: کیا اُس سے بڑھ کر بھی کوئی شخص ہے جس کو تم نے مارا؟ یا یہ کہا کہ اس شخص سے بڑھ کر کوئی ہے جس کو اس کی قوم نے مارا ہو؟ احمد بن یونس نے اپنی روایت میں یوں کہا کہ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے یہ الفاظ کہے کہ تم ہی ابوجہل ہو (یعنی بغیر استفہام کے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah