صحیح بخاری 3965: باب قَتْلِ أَبِي جَهْلٍ
محمد بن عبداللہ رقاشی نے مجھ سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا وہ کہتے تھے: ابو مجلز (لاحق بن حمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس بن عباد سے، قیس نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: قیامت کے دن میں پہلا شخص ہوں گا جو جھگڑا چکا نے کے لئے رحمٰن خدا کے سامنے دو زانو ہوکر بیٹھوں گا۔ قیس بن عباد کہتے تھے: انہی لوگوں سے متعلق یہ آیت نازل کی گئی: یہ دو باہم مخالفت کرنے والے گروہ ایسے ہیں جو اپنے ربّ کے بارہ میں جھگڑ رہے ہیں۔ کہتے تھے: یہ وہی لوگ ہیں جو بدر کے دن میدان جنگ میں ایک دوسرے سے لڑنے کے لئے نکلے۔ (مسلمانوں کی طرف سے) حضرت حمزہؓ، حضرت علیؓ اور حضرت عبیدہؓ یا کہا حضرت ابو عبیدہ بن حارثؓ اور (کافروں کی طرف سے) شیبہ بن ربیعہ، عتبہ بن ربیعہ اور ولید بن عتبہ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah