صحیح بخاری 3973: باب قَتْلِ أَبِي جَهْلٍ
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھے خبر دی کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہشام (بن عروہ) سے، انہوں نے (اپنے والد) عروہ (بن زبیر) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت زبیرؓ کو تلوار کے تین زخم لگے تھے، ان میں ایک ان کے کندھے پر تھا (وہ اتنا گہرا تھا) کہ میں اپنی انگلیاں اس میں ڈال سکتا تھا۔ عروہ کہتے تھے: ان کو دو زخم جنگ بدر میں لگے اور ایک زخم جنگ یرموک میں۔ عروہ بیان کرتے تھے کہ جب حضرت عبداللہ بن زبیرؓ شہید ہوئے تو عبدالملک بن مروان نے مجھ سے پوچھا: عروہ! کیا تم حضرت زبیرؓ کی تلوار پہچانتے ہو؟ میں نے کہا: ہاں۔ انہوں نے کہا: اس کی کیا نشانی ہے؟ میں نے کہا: اس میں دندانے ہیں جو جنگ بدر میں پڑ گئے تھے۔ عبدالملک نے کہا: تم نے سچ کہا ہے۔ ان تلواروں میں دستہ ہائے فوج سے ٹکرانے کی وجہ سے دندانے ہیں۔ پھر عبدالملک نے وہ تلوار عروہ کو دے دی۔ (ہشام بن عروہ) کہتے تھے: ہم نے آپس میں اس کی قیمت تین ہزار درہم اندازہ کی اور ہم میں سے ایک شخص نے وہ لے لی اور اب میرے دل میں یہ خواہش اُٹھتی ہے کہ کاش میں ہی اسے لے لیتا۔