صحیح بخاری 3975: باب قَتْلِ أَبِي جَهْلٍ
احمد بن محمد نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ (بن مبارک) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے والد سے روایت کی: جنگ یرموک میں رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ نے حضرت زبیرؓ سے کہا: کیا آپؓ حملہ نہیں کریں گے کہ ہم بھی آپؓ کے ساتھ حملہ کریں؟ حضرت زبیرؓ نے کہا: میں نے اگر حملہ کیا تو تم پیچھے رہ جاؤ گے۔ انہوں نے کہا: ہم پیچھے نہیں رہیں گے۔ چنانچہ حضرت زبیرؓ نے کفار پر اس زور سے حملہ کیا کہ ان کی صفیں چیرتے ہوئے نکل گئے اور دیکھا کہ ان کے ساتھ کوئی ایک بھی نہ تھا۔ پھر وہ لوٹے تو کفار نے ان کے گھوڑے کی لگام پکڑ لی اور ان کے کندھے پر دو زخم لگائے جن کے درمیان وہ بڑا زخم بھی تھا جو جنگ بدر میں ان کو لگا تھا۔ عروہ کہتے تھے: میں اپنی انگلیاں ان زخموں میں ڈال کر کھیلا کرتا تھا اور میں اس وقت چھوٹا تھا۔ عروہ کہتے تھے: ان دنوں یرموک کی لڑائی میں حضرت زبیرؓ کے ساتھ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ بھی تھے اور اس وقت وہ دس برس کے تھے، ان کو گھوڑے پر سوار کرکے لے گئے تھے اور ایک شخص کو ان کی حفاظت کے لئے مقرر کردیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah