صحیح بخاری 3976: باب قَتْلِ أَبِي جَهْلٍ
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے روح بن عبادہ سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) سعید بن ابی عروبہ نے ہمیں بتایا کہ قتادہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابوطلحہؓ (انصاری) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے جنگ بدر کے دن سرداران قریش میں سے چوبیس آدمیوں کی نسبت حکم دیا اور انہیں بدر کے کنوؤں میں سے ایک ناپاک کنویں میں ڈال دیا گیا اور آپؐ جب کسی قوم پر غالب آتے تو میدان میں تین راتیں قیام فرماتے۔ جب آپؐ بدر میں ٹھہرے اور تیسرا دِن ہوا تو آپؐ نے اپنی اونٹنی پر کجاوہ باندھنے کا حکم فرمایا۔ چنانچہ اس پر کجاوہ باندھا گیا۔ پھر آپؐ چلے اور آپؐ کے صحابہ بھی آپؐ کے ساتھ چلے اور کہنے لگے: ہم سمجھتے ہیں کہ آپؐ کسی غرض کے لئے ہی چلے ہیں۔ آپؐ اس کنویں کی منڈیر پر پہنچ کر کھڑے ہوگئے۔ آپؐ ان کے اور ان کے باپوں کے نام لے کر پکارنے لگے: اے فلاں، فلاں کے بیٹے، اے فلاں، فلاں کے بیٹے، کیا اب تم کو اس بات سے خوشی ہوگی کہ تم نے اللہ اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کی ہوتی کیونکہ ہم نے تو سچ سچ پالیا جو ہمارے ربّ نے ہم سے وعدہ کیا تھا، آیا تم نے بھی واقعی وہ پالیا ہے جو تمہارے ربّ نے تم سے وعدہ کیا تھا؟ ابوطلحہ کہتے تھے: حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ ان لاشوں سے کیا باتیں کر رہے ہیں جن میں جان نہیں؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے تم ان سے زیادہ نہیں سن رہے ان باتوں کو جو میں کہہ رہا ہوں۔ قتادہ نے کہا: اللہ نے ان کو زندہ کردیا تھا تا آپؐ کی وہ بات انہیں سنائے کہ انہیں تنبیہ و تذلیل کا موجب ہو، ان پر ناراضگی کا اظہار کرکے ان کو حسرت دلائے اور شرمندہ کرے۔