صحیح بخاری 4086
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر (بن راشد) سے، معمر نے زُہری سے، زُہری نے عمرو بن ابی سفیان ثقفی سے، عمرو نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک دستہ فوج (قریش کے) حالات معلوم کرنے کے لئے بھیجا اور حضرت عاصم بن ثابتؓ کو اُن پر امیر مقرر کیا جو حضرت عاصم بن عمر بن خطابؓ کے نانا تھے۔ وہ روانہ ہوگئے یہاں تک کہ جب عسفان اور مکہ کے درمیان پہنچے تو ہذیل قبیلے کے ایک خاندان بنو لحیان کو کسی نے اُن کی خبر دے دی۔ انہوں نے تقریباً ایک سو تیر اندازوں کے ساتھ صحابہؓ کے دستہ کا تعاقب کیا۔ وہ ان کے قدموں کے نشان پر چلے یہاں تک کہ ایک ایسے پڑاؤ پر پہنچے جہاں صحابہؓ اُترے تھے، انہوں نے وہاں کھجوروں کی گٹھلیاں پائیں جو صحابہؓ نے مدینہ سے بطور زادِ راہ لی تھیں۔ وہ تیر انداز اُن گٹھلیوں کو دیکھ کر کہنے لگے کہ یہ تو یثرب کی کھجوریں ہیں اور پھر وہ اُن کے قدموں کے نشانوں پر اُن کے پیچھے چلتے گئے یہاں تک کہ اُن سے جا ملے۔ جب حضرت عاصمؓ اور اُن کے ساتھی ان کے مقابلہ سے رہ گئے تو انہوں نے ایک ٹیلے پر جا کر پناہ لی اور یہ تیر انداز بھی آپہنچے اور اُن کو چاروں طرف سے گھیر لیا اور کہنے لگے: تم سے یہ عہد و پیمان ہے کہ اگر تم اُتر کر ہمارے پاس آجاؤ تو ہم تم میں سے کسی شخص کو قتل نہیں کریں گے۔ حضرت عاصمؓ نے کہا: میں تو کسی کافر کی پناہ میں نہیں اتروں گا۔ اے اللہ! اپنے نبیؐ کو ہمارے متعلق خبر دے۔ وہ اُن سے لڑے، آخر انہوں نے تیروں سے حضرت عاصمؓ کو بمع سات آدمیوں کے مار ڈالا اور حضرت خبیبؓ، حضرت زیدؓ اور ایک اور شخص بچ رہے۔ تیر اندازوں نے اُن کو عہد و پیمان دیا اور وہ ان کے عہد و پیمان دینے پر ان کے پاس آگئے۔ جب انہوں نے انہیں قابو میں کرلیا تو اپنی کمانوں کی تانیں کھولیں اور اُن سے ان کو جکڑ دیا۔ یہ دیکھ کر تیسرا شخص جو اُن کے ساتھ تھا بولا: یہ تمہاری پہلی بد عہدی ہے۔ چنانچہ اس نے ان کے ساتھ جانے سے انکار کردیا۔ تب انہوں نے اس کو گھسیٹا اور اس سے کشمکش کی کہ ان کے ساتھ چلے لیکن وہ نہ گیا، آخر انہوں نے اسے مار ڈالا اور حضرت خبیبؓ اور حضرت زیدؓ کو لے کر چل دئیے اور ان دونوں کو مکہ میں بیچ ڈالا۔ حضرت خبیبؓ کو حارث بن عامر بن نوفل کے بیٹوں نے خرید لیا اور حضرت خبیبؓ نے ہی حارث کو جنگ بدر میں قتل کیا تھا، وہ ان کے پاس قیدی رہے یہاں تک کہ سب نے اتفاق کیا کہ وہ قتل کر دئیے جائیں۔ حضرت خبیبؓ نے حارث کی ایک بیٹی سے اُسترا عاریۃً لیا کہ زیر ناف بال صاف کریں۔ اس نے انہیں دے دیا۔ وہ کہتی تھیں: میں نے اپنے ایک بچے کا دھیان نہ رکھا تو وہ خبیبؓ کے پاس رینگتا ہوا چلا گیا جب ان کے پاس آیا تو انہوں نے اسے اپنی ران پر بٹھا لیا جب میں نے یہ دیکھا تو اتنی گھبرا گئی کہ خبیبؓ یہ گھبراہٹ سمجھ گئے، ان کے ہاتھ میں استرا تھا، وہ کہنے لگے: تم ڈرتی ہو کہ میں اسے مار ڈالوں گا۔ انشاء اللہ میں کبھی ایسا نہ کروں گا اور کہتی تھیں: میں نے خبیبؓ سے زیادہ اچھا کوئی قیدی نہیں دیکھا۔ میں نے خود انہیں خوشۂ انگور سے انگور کھاتے دیکھا ہے بحالیکہ ان دِنوں مکہ میں کوئی میوہ نہ تھا اور وہ زنجیر میں جکڑے ہوئے تھے اور وہ ایسا ہی کوئی رزق تھا جو اللہ نے اُن کو دیا۔ لوگ ان کو لے کر حرم سے باہر گئے تا انہیں قتل کردیں۔ انہوں نے کہا: مجھے چھوڑ دو کہ دو رکعتیں نماز پڑھ لوں۔ پھر نماز سے فارغ ہو کر ان کے پاس آگئے اور کہنے لگے: اگر مجھے یہ خیال نہ ہوتا کہ تم سمجھو گے کہ مجھے موت کی گھبراہٹ ہے تو میں (اپنی اسی حالت میں) اور (نماز) پڑھتا۔ وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے قتل کے وقت دو رکعت پڑھنے کی سنت قائم کی۔ پھر انہوں نے کہا: اے اللہ! ان میں سے ایک بھی باقی نہ رہنے پائے۔ پھر انہوں نے یہ شعر پڑھے: میں جبکہ فرمانبردار ہونے کی حالت میں مارا جارہا ہوں تو مجھے اس بات کی کیا پرواہ کہ اللہ کے لئے کس کروٹ پر گروں اور میری یہ موت اپنے معبود کی ذات کے لئے ہے اور اگر وہ چاہے تو اس ٹکڑے ٹکڑے کئے ہوئے جسم کے جوڑوں کو برکت دے دے۔ پھر اس کے بعد عقبہ بن حارث اُٹھ کر اُن کی طرف آیا اور اس نے ان کو قتل کردیا۔ ادھر قریش نے کیا کِیا کہ حضرت عاصم (بن ثابتؓ) کی لاش پر لوگوں کو بھیجا کہ حضرت عاصمؓ کے بدن سے کوئی حصہ لے آئیں تاکہ اُن کو پہچان لیں اور حضرت عاصمؓ نے جنگ بدر میں اُن کے سرداروں میں سے ایک بہت بڑے سردار کو قتل کیا تھا۔ اللہ نے زنبوروں (بِھڑوں) کی فوج بادل کی طرح بھیج دی جس نے حضرت عاصمؓ (کے بدن) کو اُن کے بھیجے ہوئے آدمیوں سے بچایا اور وہ اُن کے بدن کا کوئی حصہ نہ لے سکے۔
کتاب 28: باب غَزْوَةُ الرَّجِيعِ وَرِعْلٍ وَذَكْوَانَ وَبِئْرِ مَعُونَةَ