صحیح بخاری 4100
ابو معمر (عبداللہ بن عمرو منقری) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز (بن صُہَیب) سے، عبدالعزیز نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا کہ مہاجرین اور انصار مدینہ کے گرد خندق کھودنے لگے اور وہ اپنی پیٹھوں پر مٹی ڈھو رہے تھے اور یہ شعر پڑھتے جاتے تھے: ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے محمد (ﷺ) کے ہاتھ پر بیعت کی ہے کہ جب تک ہم باقی رہیں گے ہمیشہ اسلام پر قائم رہیں گے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: نبی ﷺ ان کے جواب میں یہ فرما رہے تھے کہ اے اللہ! آخرت کی بھلائی کے سوا کوئی بھلائی نہیں، سو تو اَنصار اور مہاجرین کو برکت دے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: دو مٹھی جَو اُن کو دیئے جاتے تھے اور بُو دار چربی ڈال کر وہ پکائے جاتے اور یہی کھانا ان کے سامنے رکھا جاتا بحالیکہ وہ لوگ بھوکے ہوتے اور یہ کھانا بدمزہ اور تلخ تھا اور اس کی سڑی ہوئی بُو ہوتی۔