صحیح بخاری 4101
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد بن ایمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (ایمن حبشی) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں حضرت جابر (بن عبداللہ انصاری) رضی اللہ عنہ کے پاس آیا۔ انہوں نے کہا: ہم خندق کے دن زمین کھود رہے تھے کہ ایک سخت پتھر سامنے آگیا۔ پس وہ نبی ﷺ کے پاس آئے اور عرض کیا کہ خندق میں ایک پتھر آگیا ہے۔ آپ نے فرمایا: میں اُترتا ہوں۔ آپؐ کھڑے ہوگئے اور آپؐ کے پیٹ پر پتھر بندھا ہوا تھا اور تین دن سے ہم نے کچھ بھی نہیں چکھا تھا۔ نبی ﷺ نے کدال لی اور اس سے پتھر پر ضربیں لگائیں تو وہ بُھربُھرا؛ یا کہا کہ پھسلتی ہوئی ریت کا ڈھیر ہوگیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے گھر تک جانے کی اجازت دیجئے۔ میں نے جاکر اپنی بیوی سے کہا کہ میں نے نبی ﷺ میں ایک بات محسوس کی ہے جس پر صبر نہیں ہوسکتا۔ کیا تمہارے پاس کچھ (خوراک) ہے؟ کہنے لگی: کچھ جَو اور بکری کا چھوٹا بچہ ہے۔ میں نے اس بچے کو ذبح کیا اور اس نے جَو پیسے اور ہم نے پتھر کی ہانڈی میں گوشت ڈال دیا۔ پھر میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آٹا خمیر ہوچکا تھا اور ہانڈی چولہے پر پکنے کے قریب تھی۔ میں نے کہا: (یا رسول اللہ!) میرے پاس کچھ کھانا ہے۔ یا رسول اللہ! آپؐ اُٹھیں اور ایک یا دو آدمی ساتھ لے لیں۔ آپؐ نے پوچھا: کھانا کتنا ہے؟ میں نے آپؐ سے بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: بہت ہے اور اچھا ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اپنی بیوی سے کہو ہانڈی نہ اُتارے اور نہ روٹی تنور سے نکالے جب تک کہ میں نہ آجاؤں۔ پھر آپؐ نے صحابہؓ سے کہا: اُٹھو۔ چنانچہ مہاجرین اور انصار کھڑے ہوگئے۔ جب حضرت جابرؓ اپنی بیوی کے پاس گئے، کہنے لگے: تمہارا بھلا ہو! نبی ﷺ مہاجرین اور انصار اور جو اُن کے ساتھ ہیں سب کو لے کر آگئے ہیں۔ ان کی بیوی نے کہا: کیا آنحضرت ﷺ نے تم سے کچھ پوچھا تھا؟ میں نے کہا: ہاں۔ پھر آپؐ نے (صحابہؓ سے) فرمایا: اندر چلو اور کشمکش نہ کرو۔ آپؐ روٹیوں کے ٹکڑے کرکے ان پر گوشت ڈال کر صحابہؓ کو دینے لگے اور جب ہانڈی اور تنور سے کچھ لیتے تو اسے ڈھانپ دیتے۔ اسی طرح کرتے رہے یہاں تک کہ صحابہ سیر ہوگئے اور کچھ کھانا بچ بھی رہا۔ آپؐ نے (حضرت جابرؓ کی بیوی سے) فرمایا: لو اَب یہ کھا لو اور ہدیہ بھیجو کیونکہ لوگ بہت بھوکے ہیں۔