صحیح بخاری 4102: باب غَزْوَةُ الْخَنْدَقِ وَهْىَ الأَحْزَابُ
عمرو بن علی (فلاس) نے مجھے بتایا۔ ابوعاصم (ضحاک بن مخلد) نے ہم سے بیان کیا کہ حنظلہ بن ابی سفیان نے ہمیں خبر دی۔ سعید بن میناء نے ہمیں بتایا، انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے: جب خندق کھودی گئی میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ بھوک سے آپؐ کا پیٹ پچک گیا۔ میں وہاں سے لوٹ کر اپنی بیوی کے پاس آیا۔ میں نے پوچھا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے؟ کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا ہے کہ اتنی بھوک ہے کہ آپؐ کا پیٹ پچک گیا ہے۔ یہ سن کر وہ میرے پاس ایک تھیلا لائی جس میں ایک صاع جَو تھے اور ہمارے گھر کا پلا ہوا ایک بکری کا بچہ تھا۔ میں نے اسے ذبح کیا اور بیوی نے جَو پیسے۔ میرے فارغ ہونے تک وہ بھی فارغ ہوگئی۔ میں نے گوشت کاٹ کر اُس کی ہانڈی میں ڈال دیا۔ پھر رسول اللہ ﷺ کی طرف واپس چلا۔ وہ کہنے لگی: رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے ساتھیوں کے سامنے مجھے شرمندہ نہ کرنا۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور چپکے سے کہا: یارسول اللہ! ہم نے اپنا بکری کا بچہ ذبح کیا ہے اور ایک صاع جَو جو ہمارے پاس تھے پیسے ہیں۔ آپ آئیں اور آپؐ کے ساتھ کچھ لوگ بھی۔ یہ سن کر نبی ﷺ نے بلند آواز سے فرمایا: خندق والو! جابرؓ نے دعوت کی ہے۔ چلو جلدی چلو اور (مجھ سے) فرمایا: اپنی ہانڈی نہ اُتارنا اور اپنے آٹے کی روٹیاں بھی نہ پکانا جب تک کہ میں نہ آجاؤں۔ میں گھر میں آیا اور رسول اللہ ﷺ لوگوں کے آگے تھے۔ میں اپنی بیوی کے پاس گیا، کہنے لگی: تمہارا ایسا ویسا ہو۔ میں نے کہا: میں نے تو وہی کیا ہے جو تم نے کہا تھا۔ چنانچہ اس نے آٹا آنحضرت ﷺ کے سامنے رکھ دیا۔ آپؐ نے اس میں اپنا لعاب ڈالا اور برکت کی دعا کی۔ آپؐ ہماری ہانڈی کی طرف گئے اور اس میں لعاب ڈالا اور برکت کی دعا کی پھر فرمایا: روٹی پکانے والی کو بلاؤ کہ وہ میرے سامنے روٹی پکائے اور ہانڈی نہ اُتارو اور اس سے گوشت نکالتے جاؤ۔ کھانے والے ایک ہزار تھے۔ میں اللہ کی قسم کھاتا ہوں ان سب نے کھایا اور بچ بھی رہا اور وہ چلے گئے اور ہماری ہانڈی ویسی ہی اُبل رہی تھی اور ہمارے آٹے کی روٹیاں بھی پکائی جارہی تھیں۔