صحیح بخاری 4106: باب غَزْوَةُ الْخَنْدَقِ وَهْىَ الأَحْزَابُ
احمد بن عثمان نے مجھ سے بیان کیا کہ شُرَیح بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: ابراہیم بن یوسف نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (یوسف بن اسحاق) نے مجھے بتایا کہ ابواسحاق (سبیعی) سے مروی ہے وہ کہتے تھے: میں نے حضرت براءؓ کو بیان کرتے سنا۔ انہوں نے کہا: جب احزاب کا واقعہ ہوا اور رسول اللہ ﷺ نے خندق کھودی تو میں نے دیکھا کہ آپؐ خندق سے مٹی ڈھو رہے ہیں یہاں تک کہ دھول نے آپؐ کے شکم کو چھپا لیا ہے اور آپؐ کے جسم پر بہت بال تھے۔ میں نے سنا کہ آپؐ ابن رواحہ کے یہ رجزیہ شعر پڑھتے تھے اور ساتھ مٹی ڈھوتے جاتے تھے: اے اللہ! اگر تو ہدایت نہ کرتا تو ہم ہدایت نہ پاتے اور نہ صدقہ دیتے اور نہ نماز پڑھتے سو تو ہی ہم پر تسلی نازل فرما اور ہمیں ثابت قدم رکھ اگر ہمارا دشمن سے مقابلہ ہو جائے۔ انہی نے ہم پر ظلم کئے ہیں اور جب کبھی انہوں نے فساد کا ارادہ کیا ہے تو ہم نے اسے پسند نہیں کیا۔ اور آپؐ آخری مصرعہ پر اپنی آواز لمبی کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah