صحیح بخاری 4131: باب غَزْوَةُ ذَاتِ الرِّقَاعِ
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید بن قطان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید انصاری سے، یحيٰ نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے صالح بن خوات سے، صالح نے حضرت سہل بن ابی حثمہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: امام قبلہ کی طرف منہ کرکے کھڑا ہو اور لوگوں میں سے ایک گروہ اس کے ساتھ ہو اور ایک گروہ دشمن کی طرف۔ ان کے منہ دشمن کی طرف ہوں۔ پھر امام ان لوگوں کو جو اُس کے ساتھ ہیں ایک رکعت پڑھائے۔ پھر وہ کھڑے ہوں اور اپنے طور پر ایک اور رکعت پڑھیں اور اپنی جگہ دو سجدے کریں۔ پھر یہ لوگ ان کی جگہ پر چلے جائیں اور وہ (دوسرے) آجائیں۔ اور امام ان (دوسروں) کو ایک رکعت پڑھائے تو اس کی دو رکعتیں ہوگئیں۔ پھر اس کے بعد یہ لوگ دوسری رکعت پڑھیں اور دو سجدے کریں۔ مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے صالح بن خوات سے، صالح نے حضرت سہل بن ابی حثمہؓ سے، حضرت سہلؓ نے نبی ﷺ سے ایسی ہی روایت کی۔ (اور) محمد بن عبیداللہ نے مجھ سے بیان کیا (کہا) کہ ابن ابی حازم نے مجھے بتایا: انہوں نے یحيٰ (بن سعید انصاری) سے، یحيٰ نے قاسم (بن محمد) سے سنا کہ صالح بن خوات نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت سہلؓ (بن ابی حثمہ) سے روایت کی کہ انہوں نے اپنی وہی بات ان سے بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah