صحیح بخاری 4136
اور ابان (بن یزید) نے کہا: یحيٰ بن ابی کثیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو سلمہ (بن عبدالرحمٰن) سے، ابو سلمہ نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ غزوۂ ذات الرقاع میں تھے کہ اتنے میں ہم ایک گھنے سایہ دار درخت کے پاس پہنچے، ہم نے نبی ﷺ کے لئے وہ چھوڑ دیا، اتنے میں مشرکوں میں سے ایک شخص آیا اور نبی ﷺ کی تلوار درخت سے لٹکی ہوئی تھی۔ اس نے اس کو سونت لیا اور آپؐ سے کہنے لگا: مجھ سے ڈرتے ہو؟ آپؐ نے اس سے فرمایا: نہیں۔ کہنے لگا: پھر کون مجھ سے تمہیں بچائے گا؟ آپؐ نے فرمایا: اللہ۔ نبی ﷺ کے ساتھیوں نے اس کو دھمکایا۔ اور نماز کی تکبیر ہوئی تو آپؐ نے ایک گروہ کو دو رکعتیں پڑھائیں۔ پھر وہ پیچھے ہٹ گئے اور آپؐ نے دوسرے گروہ کو دو رکعتیں پڑھائیں۔ نبی ﷺ کی چار رکعتیں ہوئیں اور لوگوں کی دو دو۔ اور مسدد نے کہا: انہوں نے ابو عوانہ سے، ابو عوانہ نے ابو بشر سے روایت کی کہ اس شخص کا نام غورث بن حارث تھا اور نبی ﷺ نے اس جنگ میں محارب خصفہ سے مقابلہ کیا تھا۔