صحیح بخاری 4192: باب قِصَّةِ عُكْلٍ وَعُرَيْنَةَ
عبدالاعلیٰ بن حماد نے مجھے بتایا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں سعید نے بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس ؓ سے بیان کیا کہ کچھ لوگ عکل اور عرینہ کے نبی ﷺ کے پاس مدینہ میں آئے اور اسلام کا کلمہ پڑھنے لگے۔ انہوں نے کہا: نبی اللہ! ہم مال مویشی والے تھے کھیتی باڑی والے نہ تھے۔ انہوں نے مدینہ کی آب و ہوا ناموافق پائی۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کو کچھ اونٹ اور ایک چرواہا ساتھ دینے کا حکم دیا اور فرمایا: وہ لے کر چلے جائیں اور ان کا دودھ اور پیشاب پیٔیں۔ چنانچہ وہ چلے گئے۔ جب حرہ کے ایک طرف پہنچے، اسلام قبول کرنے کے بعد کافر ہوگئے اور نبی ﷺ کے چرواہے کو قتل کردیا اور اونٹ ہانک کر لے گئے۔ یہ خبر نبی ﷺ کو پہنچی۔ آپؐ نے ان کے پیچھے ان کی تلاش میں لوگ بھیجے۔ (جب وہ پکڑے ہوئے لائے گئے) تو آپؐ نے ان کے متعلق حکم دیا اور ان کی آنکھوں میں گرم سلائیاں پھیری گئیں اور ہاتھوں اور پاؤں کو کاٹا گیا اور حرہ کے ایک کونے میں ڈال دیا گیا یہاں تک کہ وہ اسی حال میں مرگئے۔ قتادہ کہتے تھے: ہمیں یہ خبر پہنچی ہے کہ نبی ﷺ اس واقعہ کے بعد صدقہ دینے کی ترغیب دیا کرتے تھے اور مثلہ کرنے سے روکتے۔ شعبہ، ابان اور حماد نے قتادہ سے صرف عرینہ کے متعلق نقل کیا۔ اور یحيٰ بن ابی کثیر اور ایوب نے ابوقلابہ سے بروایت حضرت انسؓ یوں نقل کیا کہ عکل کے چند لوگ آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah