صحیح بخاری 4241: باب غَزْوَةُ خَيْبَرَ

یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی بیٹی حضرت فاطمہ علیہا السلام نے حضرت ابوبکرؓ کو کہلا بھیجا کہ رسول اللہ ﷺ سے جو اُن کے ورثہ کا حق ہے، اُن سے مانگتی ہیں یعنی ان مالوں میں سے جو اللہ نے ان کو مدینہ میں اور فدک میں عنایت کیا تھا نیز اُس مال سے جو خیبر کے پانچویں حصے سے بچ رہا تھا تو حضرت ابوبکرؓ نے یہ جواب دیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوتا جو ہم چھوڑ جائیں وہ سب صدقہ ہے۔ البتہ محمد ﷺ کی اولاد اس مال میں سے اپنا نان و نفقہ لیا کریں گے اور اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ کے صدقہ کو اس کی اس حالت سے کہ جس پر وہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں تھا، مَیں کچھ بھی تبدیل نہیں کروں گا اور مَیں بدستور ویسا ہی تصرف کروں گا جیسا رسول اللہ ﷺ نے اس میں کیا تھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے انکار کردیا کہ حضرت فاطمہؓ کو اُس میں سے کچھ دیں۔ حضرت فاطمہؓ اس وجہ سے حضرت ابوبکرؓ پر ناراض رہیں اور انہیں ملنا چھوڑ دیا اور وفات پانے تک ان سے بات نہیں کی اور وہ نبی ﷺ کی وفات کے بعد چھ مہینے زندہ رہیں۔ جب وہ فوت ہوگئیں تو اُن کے شوہر حضرت علیؓ نے ان کو رات ہی کو دفن کردیا۔ حضرت ابوبکرؓ کو اس کی اطلاع نہ دی اور (خود) ان کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔ جب تک حضرت فاطمہؓ زندہ رہیں، حضرت علیؓ کو لوگوں میں بڑی وجاہت رہی۔ جب وہ فوت ہوگئیں تو حضرت علیؓ نے لوگوں کے چہروں کو کچھ اَوپرا سا پایا۔ اس لئے انہوں نے چاہا کہ حضرت ابوبکرؓ سے صلح کرلیں اور ان کی بیعت کرلیں۔ اس سے پہلے انہوں نے مہینوں بیعت نہیں کی تھی۔ انہوں نے حضرت ابوبکرؓ کو پیغام بھیجا کہ آپؓ ہمارے پاس آئیں اور آپؓ کے ساتھ اور کوئی ہمارے ہاں نہ آئے کیونکہ وہ حضرت عمرؓ کا آنا ناپسند کرتے تھے۔ حضرت عمرؓ کہنے لگے: ہرگز نہیں۔ اللہ کی قسم! آپؓ ان کے پاس اکیلے مت جائیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: بھلا وہ میرے ساتھ کیا کریں گے؟ اللہ کی قسم! میں تو اُن کے پاس ضرور جاؤں گا۔ چنانچہ حضرت ابوبکرؓ ان کے پاس گئے۔ حضرت علیؓ نے کلمہ شہادت پڑھا اور کہنے لگے: ہم یقیناً آپؓ کی فضیلت کو سمجھتے ہیں اور جو خوبی اللہ تعالیٰ نے آپؓ کو عطا کی ہے اور ہم آپؓ سے کسی بھلائی میں بھی حسد نہیں کرتے جو اللہ نے آپؓ کو دی ہے مگر ہمیں چھوڑ کر آپؓ نے اکیلے ہی اس خلافت کو سنبھال لیا ہے حالانکہ ہم اپنی قرابت کا بھی حصہ سمجھا کرتے تھے جو ہمیں رسول اللہ ﷺ سے حاصل تھی۔ حضرت علیؓ یہ باتیں کررہے تھے کہ حضرت ابوبکرؓ کی آنکھیں بھر آئیں۔ پھر حضرت ابوبکرؓ نے بات شروع کی اور کہا: اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے رسول اللہ ﷺ کی قرابت مجھے زیادہ پیاری ہے اس سے کہ میں اپنی قرابت سے صلہ رحمی کروں اور وہ جو میرے اور آپؓ کے درمیان ان مالوں کے بارے میں اختلاف ہوگیا ہے تو میں نے مالوں میں سے کسی بھلی بات سے کوتاہی نہیں کی اور نہ میں نے کوئی ایسی بات چھوڑی ہے جو رسول اللہ ﷺ کو ان کے متعلق کرتے دیکھا۔ میں نے وہی کیا ہے۔ حضرت علیؓ نے حضرت ابوبکرؓ سے یہ سن کر کہا: آج شام کو آپؓ سے بیعت کرنے کا وعدہ ہے۔ جب حضرت ابوبکرؓ ظہر کی نماز پڑھ چکے تو وہ منبر پر چڑھے اور کلمہ شہادت پڑھا اور حضرت علیؓ کی شان کا ذکر کیا اور ان کے بیعت کرنے سے پیچھے رہنے اور اس عذر کا بھی ذکر کیا جو انہوں نے ان کے سامنے پیش کیا تھا۔ پھر اس کے بعد حضرت ابوبکرؓ نے مغفرت کی دعا مانگی اور ان کے بعد حضرت علیؓ نے کلمہ شہادت پڑھا اور حضرت ابوبکرؓ کے حق کی عظمت بیان کی اور بتایا جو کچھ انہوں نے کیا ہے، حضرت ابوبکرؓ سے کسی قسم کے حسد نے اُن کو اُس پر برانگیختہ نہیں کیا تھا اور نہ اُن کی فضیلت کے انکار کرنے کی وجہ نے جو اللہ نے حضرت ابوبکرؓ کو دی ہے بلکہ ہم اس خلافت میں اپنا حصہ بھی سمجھتے تھے ہمیں چھوڑ کر یہ اکیلے ہی سنبھال بیٹھے۔ ہم نے اپنے دلوں میں تکلیف محسوس کی۔ ان کی اس بات سے مسلمان خوش ہوگئے اور کہنے لگے: بجا اور درست کیا ہے اور مسلمان حضرت علیؓ سے اور بھی محبت کرنے لگے جب انہوں نے اچھی بات کی طرف رجوع کیا۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ، عَنْ عُقَيْلٍ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ، عَنْ عُرْوَةَ، عَنْ عَائِشَةَ، أَنَّ فَاطِمَةَ ـ عَلَيْهَا السَّلاَمُ ـ بِنْتَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَرْسَلَتْ إِلَى أَبِي بَكْرٍ تَسْأَلُهُ مِيرَاثَهَا مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مِمَّا أَفَاءَ اللَّهُ عَلَيْهِ بِالْمَدِينَةِ وَفَدَكَ، وَمَا بَقِيَ مِنْ خُمُسِ خَيْبَرَ، فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ ‏ "‏ لاَ نُورَثُ، مَا تَرَكْنَا صَدَقَةٌ، إِنَّمَا يَأْكُلُ آلُ مُحَمَّدٍ صلى الله عليه وسلم فِي هَذَا الْمَالِ ‏"‏‏.‏ وَإِنِّي وَاللَّهِ لاَ أُغَيِّرُ شَيْئًا مِنْ صَدَقَةِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَنْ حَالِهَا الَّتِي كَانَ عَلَيْهَا فِي عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَلأَعْمَلَنَّ فِيهَا بِمَا عَمِلَ بِهِ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَأَبَى أَبُو بَكْرٍ أَنْ يَدْفَعَ إِلَى فَاطِمَةَ مِنْهَا شَيْئًا فَوَجَدَتْ فَاطِمَةُ عَلَى أَبِي بَكْرٍ فِي ذَلِكَ فَهَجَرَتْهُ، فَلَمْ تُكَلِّمْهُ حَتَّى تُوُفِّيَتْ، وَعَاشَتْ بَعْدَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم سِتَّةَ أَشْهُرٍ، فَلَمَّا تُوُفِّيَتْ، دَفَنَهَا زَوْجُهَا عَلِيٌّ لَيْلاً، وَلَمْ يُؤْذِنْ بِهَا أَبَا بَكْرٍ وَصَلَّى عَلَيْهَا، وَكَانَ لِعَلِيٍّ مِنَ النَّاسِ وَجْهٌ حَيَاةَ فَاطِمَةَ، فَلَمَّا تُوُفِّيَتِ اسْتَنْكَرَ عَلِيٌّ وُجُوهَ النَّاسِ، فَالْتَمَسَ مُصَالَحَةَ أَبِي بَكْرٍ وَمُبَايَعَتَهُ، وَلَمْ يَكُنْ يُبَايِعُ تِلْكَ الأَشْهُرَ، فَأَرْسَلَ إِلَى أَبِي بَكْرٍ أَنِ ائْتِنَا، وَلاَ يَأْتِنَا أَحَدٌ مَعَكَ، كَرَاهِيَةً لِمَحْضَرِ عُمَرَ‏.‏ فَقَالَ عُمَرُ لاَ وَاللَّهِ لاَ تَدْخُلُ عَلَيْهِمْ وَحْدَكَ‏.‏ فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ وَمَا عَسَيْتَهُمْ أَنْ يَفْعَلُوا بِي، وَاللَّهِ لآتِيَنَّهُمْ‏.‏ فَدَخَلَ عَلَيْهِمْ أَبُو بَكْرٍ، فَتَشَهَّدَ عَلِيٌّ فَقَالَ إِنَّا قَدْ عَرَفْنَا فَضْلَكَ، وَمَا أَعْطَاكَ، اللَّهُ وَلَمْ نَنْفَسْ عَلَيْكَ خَيْرًا سَاقَهُ اللَّهُ إِلَيْكَ، وَلَكِنَّكَ اسْتَبْدَدْتَ عَلَيْنَا بِالأَمْرِ، وَكُنَّا نَرَى لِقَرَابَتِنَا مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم نَصِيبًا‏.‏ حَتَّى فَاضَتْ عَيْنَا أَبِي بَكْرٍ، فَلَمَّا تَكَلَّمَ أَبُو بَكْرٍ قَالَ وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَقَرَابَةُ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَحَبُّ إِلَىَّ أَنْ أَصِلَ مِنْ قَرَابَتِي، وَأَمَّا الَّذِي شَجَرَ بَيْنِي وَبَيْنَكُمْ مِنْ هَذِهِ الأَمْوَالِ، فَلَمْ آلُ فِيهَا عَنِ الْخَيْرِ، وَلَمْ أَتْرُكْ أَمْرًا رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَصْنَعُهُ فِيهَا إِلاَّ صَنَعْتُهُ‏.‏ فَقَالَ عَلِيٌّ لأَبِي بَكْرٍ مَوْعِدُكَ الْعَشِيَّةُ لِلْبَيْعَةِ‏.‏ فَلَمَّا صَلَّى أَبُو بَكْرٍ الظُّهْرَ رَقِيَ عَلَى الْمِنْبَرِ، فَتَشَهَّدَ وَذَكَرَ شَأْنَ عَلِيٍّ، وَتَخَلُّفَهُ عَنِ الْبَيْعَةِ، وَعُذْرَهُ بِالَّذِي اعْتَذَرَ إِلَيْهِ، ثُمَّ اسْتَغْفَرَ، وَتَشَهَّدَ عَلِيٌّ فَعَظَّمَ حَقَّ أَبِي بَكْرٍ، وَحَدَّثَ أَنَّهُ لَمْ يَحْمِلْهُ عَلَى الَّذِي صَنَعَ نَفَاسَةً عَلَى أَبِي بَكْرٍ، وَلاَ إِنْكَارًا لِلَّذِي فَضَّلَهُ اللَّهُ بِهِ، وَلَكِنَّا نَرَى لَنَا فِي هَذَا الأَمْرِ نَصِيبًا، فَاسْتَبَدَّ عَلَيْنَا، فَوَجَدْنَا فِي أَنْفُسِنَا، فَسُرَّ بِذَلِكَ الْمُسْلِمُونَ وَقَالُوا أَصَبْتَ‏.‏ وَكَانَ الْمُسْلِمُونَ إِلَى عَلِيٍّ قَرِيبًا، حِينَ رَاجَعَ الأَمْرَ الْمَعْرُوفَ‏.‏

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

باب 38: باب غَزْوَةُ خَيْبَرَ

آج 10 میں سے 10 باقی