صحیح بخاری 4280: باب أَيْنَ رَكَزَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم الرَّايَةَ يَوْمَ الْفَتْحِ
عبید بن اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ نے فتح (مکہ) کے سال کوچ کیا تو قریش کو یہ خبر پہنچی۔ تب ابوسفیان بن حرب, حکیم بن حزام اور بُدَیل بن ورقاء رسول اللہ ﷺ کے متعلق حالات کی جستجو میں نکلے۔ وہ چل پڑے یہاں تک کہ مرالظہران مقام پر پہنچے تو انہوں نے کیا دیکھا کہ بے شمار آگیں روشن ہیں، جیسے (حج کے موقع پر) مقامِ عرفات کی آگیں ہوتی ہیں۔ ابوسفیان نے کہا: یہ کیسی ہیں؟ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ عرفات کی آگیں ہیں۔ بُدَیل بن ورقاء نے کہا: بنوعمرو (خزاعہ) کی آگیں معلوم ہوتی ہیں۔ ابوسفیان نے کہا: عمرو کا قبیلہ اس تعداد سے بہت کم ہے۔ اتنے میں ان کو رسول اللہ ﷺ کے پہرہ داروں میں سے کچھ لوگوں نے دیکھ لیا اور اُن کو پکڑ کر گرفتار کر لیا اور پھر اُن کو رسول اللہ ﷺ کے پاس لے آئے۔ ابوسفیان تو مسلمان ہوگیا۔ جب آپؐ چلے تو آپؐ نے حضرت عباسؓ سے فرمایا: ابوسفیان کو پہاڑ کے درے پر روکے رکھنا تاکہ وہ مسلمانوں (کی فوج) کو دیکھ لے۔ چنانچہ حضرت عباسؓ نے ان کو روکے رکھا۔ قبائل نبی ﷺ کے ساتھ گزرنے لگے۔ ایک ایک دستہ فوج ابوسفیان کے سامنے سے گزرتا گیا۔ جب ایک لشکر گزرا تو ابوسفیان نے کہا: عباسؓ ! یہ کون لوگ ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ غفار کے لوگ ہیں۔ ابوسفیان نے کہا: مجھے غفار سے کیا سروکار۔ پھر جہینہ گزرے۔ ابوسفیان نے ویسے ہی کہا۔ پھر سعد بن ہُذیم گزرے۔ پھر اس نے ویسے ہی کہا۔ پھر سلیم گزرے۔ پھر اس نے ویسے ہی کہا۔ یہاں تک کہ آخر میں ایک لشکر ایسا آیا کہ ویسا اس نے کبھی نہ دیکھا تھا۔ ابوسفیان نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ حضرت عباسؓ نے کہا: انصار ہیں۔ ان کے سردار سعد بن عبادہؓ ہیں، جن کے ساتھ عَلم ہے۔ حضرت سعد بن عبادہؓ نے پکار کر کہا: ابوسفیان! آج کا روز گھمسان کی لڑائی کا روز ہے۔ آج کعبہ میں لڑائی حلال ہوگئی۔ ابوسفیانؓ نے یہ سن کر کہا: عباسؓ ! بربادی کا یہ دن کیا خوب ہوگا۔ (اگر مقابلہ کا موقع مل جاتا) پھر ایک اور دستہ فوج آیا اور وہ تمام لشکروں سے چھوٹا تھا۔ ان میں رسول اللہ ﷺ تھے اور آپؐ کے ساتھی مہاجرین تھے اور نبی ﷺ کا عَلَم حضرت زبیر بن عوامؓ کے پاس تھا۔ جب رسول اللہ ﷺ ابوسفیانؓ کے پاس سے گزرے، ابوسفیانؓ نے کہا: آپؐ کو علم نہیں کہ سعد بن عبادہؓ نے کیا کہا؟ آپؐ نے پوچھا: کیا کہا؟ اس نے کہا: ایسا ایسا کہا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: سعد نے درست نہیں کہا بلکہ یہ وہ دن ہے کہ جس میں اللہ کعبہ کی عظمت قائم کرے گا اور کعبہ پر غلاف چڑھایا جائے گا۔ عروہ کہتے تھے: اور رسول اللہ ﷺ نے حکم دیا کہ آپؐ کا پرچم حجون میں نصب کیا جائے۔ اور اس سند سے عروہ یہ بھی کہتے تھے کہ نافع بن جبیر بن مطعم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عباسؓ سے سنا۔ وہ حضرت زبیر بن عوامؓ سے پوچھ رہے تھے۔ ابوعبداللہ! کیا رسول اللہ ﷺ نے آپؓ سے فرمایا تھا کہ عَلَم یہاں نصب کرو؟ عروہ کہتے تھے اور رسول اللہ ﷺ نے اس دن حضرت خالد بن ولیدؓ سے فرمایا کہ وہ مکہ کے بالائی جانب سے یعنی کَداء کی طرف سے مکہ میں داخل ہوں اور نبی ﷺ کُدا سے داخل ہوئے۔ اس دن حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کے سواروں میں سے دو شخص مارے گئے۔ حضرت حبیش بن اشعرؓ اور حضرت کرز بن جابر فہریؓ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 48: باب أَيْنَ رَكَزَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم الرَّايَةَ يَوْمَ الْفَتْحِ