صحیح بخاری 4321: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَيَوْمَ حُنَيْنٍ إِذْ أَعْجَبَتْكُمْ كَثْرَتُكُمْ فَلَمْ …
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے, یحيٰ نے عمر بن کثیر بن افلح سے, انہوں نے حضرت ابوقتادہؓ کے غلام ابومحمد سے, انہوں نے حضرت ابوقتادہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جس سال حنین کا واقعہ ہوا، ہم نبی ﷺ کے ساتھ نکلے۔ جب ہماری مڈبھیڑ ہوئی تو مسلمان اِدھر اُدھر ہٹ گئے۔ تو میں نے مشرکوں میں سے ایک آدمی کو دیکھا کہ اُس نے ایک مسلمان شخص کو قابو کیا ہوا ہے۔ میں نے اس کے پیچھے سے آکر اُس کے مونڈھے کی رَگ پر تلوار سے ضرب لگائی اور اُس کی زرہ کاٹ ڈالی۔ وہ مجھ پر لپکا اور اس زور سے مجھے بازو میں لے کر دبایا کہ موت کی تصویر میری آنکھوں میں پھر گئی۔ پھر موت نے اس کو آدبوچا اور اس نے مجھے چھوڑ دیا۔ میں حضرت عمرؓ سے جا ملا۔ میں نے پوچھا: لوگوں کو کیا ہوگیا کہ وہ بھاگ نکلے۔ انہوں نے کہا: اللہ عزوجل کا یہی منشاء تھا۔ پھر مسلمان پلٹے اور نبی ﷺ بیٹھ گئے۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے کسی کو مارا ہو، اس کے پاس اس کے متعلق ثبوت ہو تو اُس کا (سارا) سامان اُس کو ملے گا۔ میں نے کہا: میری گواہی کون دے گا؟ پھر میں بیٹھ گیا۔ حضرت ابوقتادہؓ کہتے تھے: پھر نبی ﷺ نے ویسا ہی فرمایا۔ میں اُٹھا اور میں نے خیال کیا: میری گواہی کون دے گا؟ یہ خیال کرکے پھر بیٹھ گیا۔ کہتے تھے: پھر نبی ﷺ نے ویسا ہی فرمایا۔ پھر میں اُٹھا۔ آپؐ نے پوچھا: ابوقتادہ! تمہیں کیا ہے؟ میں نے آپؐ سے وہ واقعہ بیان کیا تو ایک شخص کہنے لگا: اس نے سچ کہا ہے اور اس کا غنیمت کا سازوسامان میرے پاس ہے۔ میری طرف سے (ابوقتادہؓ) کو (کچھ دے کر) راضی کردیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے یہ سن کر کہا: یہ تو ہرگز نہیں ہوگا۔ اللہ کی قسم! آنحضرت ﷺ اللہ کے شیروں میں سے ایک شیر کا سامان جو کہ اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کی طرف سے لڑتا رہا ہے، چھین کر تجھے نہیں دیں گے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ابوبکرؓ نے سچ کہا ہے، وہ سامان ابوقتادہؓ کو دے دو۔ چنانچہ اس نے مجھے وہ سامان دے دیا۔ میں نے اُس سے بنی سلمہ کے محلہ میں کھجوروں کا ایک چھوٹا سا باغ خرید لیا اور یہ پہلا مال تھا جو میں نے اسلام میں بطور جائیداد کے پیدا کیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah