صحیح بخاری 4322: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَيَوْمَ حُنَيْنٍ إِذْ أَعْجَبَتْكُمْ كَثْرَتُكُمْ فَلَمْ …
اور لیث (بن سعد) نے کہا: یحيٰ بن سعید (انصاری) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عمر بن کثیر بن افلح سے, عمر نے حضرت ابوقتادہؓ کے غلام ابومحمد سے روایت کی کہ حضرت ابوقتادہؓ کہتے تھے: جب حنین کا واقعہ ہوا تو میں نے مسلمانوں میں سے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ ایک مشرک شخص سے لڑرہا ہے اور ایک اور مشرک ہے جو دھوکہ دے کر چپکے سے اس کے پیچھے سے اس پر حملہ کرنا چاہتا ہے کہ اس کو مار ڈالے۔ یہ دیکھ کر میں اس شخص کی طرف جلدی سے لپکا جو ایک مسلمان پر اس طرح دھوکہ سے جھپٹنا چاہتا تھا۔ اُس نے مجھے مارنے کے لئے اپنا ہاتھ اُٹھایا اور میں نے اس کے ہاتھ پر وار کرکے اُس کو کاٹ ڈالا۔ اس کے بعد اُس نے مجھے پکڑ لیا اور اس زور سے مجھے بھینچا کہ میں بے بس ہوگیا۔ پھر اُس نے مجھے چھوڑ دیا۔ وہ ڈھیلا پڑ گیا اور میں نے اس کو دھکا دیا اور اس کو مار ڈالا۔ ادھر یہ حال ہوا کہ مسلمان شکست کھا کر بھاگ گئے۔ میں بھی ان کے ساتھ بھاگ گیا۔ پھر میں کیا دیکھتا ہوں کہ حضرت عمر بن خطابؓ لوگوں کے ساتھ ہیں۔ میں نے اُن سے کہا: لوگوں کو کیا ہوا (کہ بھاگ کھڑے ہوئے۔) انہوں نے کہا: اللہ کا منشاء۔ پھر لوگ لوٹ کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آگئے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی مقتول کے متعلق یہ ثبوت پیش کر دے کہ اُس نے اُس کو قتل کیا ہے تو اُس مقتول کا سامان اُس کے قاتل کا ہوگا۔ میں اُٹھا کہ اپنے مقتول سے متعلق کوئی شہادت ڈھونڈوں مگر کسی کو نہ دیکھا جو میری شہادت دیتا اور میں بیٹھ گیا۔ پھر مجھے خیال آیا اور میں نے اُس مقتول کا واقعہ رسول اللہ ﷺ سے ذکر کیا۔ آپؐ کے ساتھ بیٹھے ہوئے لوگوں میں سے ایک شخص نے کہا: اس مقتول کے ہتھیار جس کا یہ ذکر کرتے ہیں میرے پاس ہیں۔ آپؐ اُن ہتھیاروں کی بجائے ان کو (کچھ دے دلا کر) راضی کردیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا کہ آپؐ قریش کے ایک بجو کو تو سامان دلادیں اور اللہ کے شیروں میں سے ایک شیر کو چھوڑ دیں جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی طرف سے لڑ رہا ہو۔ حضرت ابوقتادہؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے، آپؐ نے مجھے وہ سامان دلا دیا۔ میں نے اس سے کھجوروں کا ایک چھوٹا سا باغ خرید لیا اور یہ پہلا مال تھا جو میں نے اسلام میں بطور جائیداد پیدا کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah