صحیح بخاری 4324: باب غَزْوَةُ الطَّائِفِ فِي شَوَّالٍ سَنَةَ ثَمَانٍ
(عبداللہ بن زبیر) حُمَیدی نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے سفیان (بن عُیَینہ) سے سنا۔ (کہتے تھے) کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے, انہوں نے حضرت ابوسلمہؓ کی بیٹی حضرت زینبؓ سے, حضرت زینبؓ نے اپنی ماں حضرت امّ سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ میرے پاس اندر آئے اور اس وقت میرے پاس ایک ہیجڑا بیٹھا تھا۔ میں نے سنا کہ وہ عبداللہ بن ابی امیہؓ سے کہہ رہا تھا: عبداللہ دیکھو، اگر اللہ نے تمہیں کل طائف فتح کرا دیا تو تم غیلان کی بیٹی کو لے لینا کیونکہ جب وہ سامنے سے آتی ہے تو پیٹ پر چار شکن پڑتے ہیں اور جب پیٹھ موڑ کر جاتی ہے تو آٹھ شکن پڑتے ہیں۔ (یہ بات سنی) تو نبی ﷺ نے فرمایا: آئندہ یہ لوگ تم عورتوں کے پاس ہرگز نہ آیا کریں۔ ابن عُیَینہ نے کہا: اور ابن جریج نے کہا: اس مخنث کا نام ہیت تھا۔ محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام سے مروی ہے کہ انہوں نے یہی بات بتائی اور انہوں نے اتنا زیادہ بیان کیا کہ آپؐ ان دنوں طائف کا محاصرہ کئے ہوئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah