صحیح بخاری 4325: باب غَزْوَةُ الطَّائِفِ فِي شَوَّالٍ سَنَةَ ثَمَانٍ
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے ابوالعباس شاعر سے جو اندھے تھے، روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ نے طائف کا محاصرہ کیا اور آپؐ نے ان کو کوئی نقصان نہ پہنچایا۔ آپؐ نے فرمایا: ہم انشاء اللہ (اب) لَوٹنے والے ہیں۔ یہ امر مسلمانوں پر شاقّ گزرا۔ کہنے لگے: ہم چلے جائیں اور اس کو فتح نہ کریں! اور ایک دفعہ راوی نے نَذْھَبُ کی بجائے نَقْفُلُ کا لفظ بیان کیا۔ یعنی ہم لَوٹ جائیں گے (اور طائف فتح نہیں کریں گے!) اس پر آپؐ نے فرمایا: جنگ صبح ہی شروع کردو۔ چنانچہ وہ دوسرے دن صبح لڑنے گئے تو مسلمان زخمی ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: ہم انشاء اللہ کل لَوٹ جائیں گے۔ یہ سن کر لوگ خوش ہوئے اور نبی ﷺ ہنس پڑے۔ اور سفیان نے ایک بار یوں کہا کہ آپؐ مسکرائے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: حمیدی کہتے تھے: سفیان (بن عُیَینہ) نے ہم سے یہ سارا واقعہ بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah