صحیح بخاری 4327: باب غَزْوَةُ الطَّائِفِ فِي شَوَّالٍ سَنَةَ ثَمَانٍ
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر (محمد بن جعفر) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عاصم (بن سلیمان) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوعثمان (نہدی) سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت سعد (بن ابی وقاص) سے سنا اور وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے اللہ کی راہ میں تیر چلایا۔ اور میں نے حضرت ابوبکرہ سے بھی سنا کہ وہ کچھ لوگوں کو لے کر طائف کے قلعے کی دیوار پھلانگ کر آئے تھے۔ پھر وہ نبی ﷺ کے پاس آئے۔ یہ دونوں (یعنی حضرت سعد اور حضرت ابوبکرہ ) کہتے تھے: ہم نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جو جانتے بوجھتے اپنے باپ کے ماسوا کسی اور کی طرف منسوب ہوا، جنت اس پر حرام ہوگئی۔ اور ہشام (بن یوسف) نے کہا اور معمر (بن راشد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم (بن سلیمان) سے, عاصم نے ابوالعالیہ یا ابوعثمان نہدی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سعد اور حضرت ابوبکرہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ عاصم کہتے تھے: میں نے (ابوالعالیہ یا ابوعثمان سے) کہا: آپ کے پاس دو ایسے شخصوں نے شہادت دی ہے کہ وہ دو ہی کافی ہیں۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ ان میں سے جو ایک ہیں وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے اللہ کی راہ میں تیر چلایا اور جو دوسرے ہیں وہ طائف کے ان تئیس آدمیوں میں سے تیسرے ہیں جو قلعے سے اُتر کر نبی ﷺ کے پاس آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah