صحیح بخاری 4328: باب غَزْوَةُ الطَّائِفِ فِي شَوَّالٍ سَنَةَ ثَمَانٍ
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرَید بن عبداللہ سے, بُرَید نے ابو بردہ سے, انہوں نے حضرت ابو موسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس تھا۔ آپؐ جعرانہ میں جو مکہ اور مدینہ کے درمیان ہے، مقیم تھے اور آپؐ کے ساتھ حضرت بلالؓ تھے۔ اس وقت نبی ﷺ کے پاس ایک اعرابی آیا اور کہنے لگا: کیا آپؐ میرے لئے پورا نہیں کریں گے وہ وعدہ جو آپؐ نے مجھ سے کیا تھا۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: تمہیں بشارت ہو۔ اس نے کہا: آپؐ نے مجھے بہت دفعہ کہا ہے, بشارت ہو۔ یہ سن کر آپؐ حضرت ابو موسیٰؓ اور حضرت بلالؓ کی طرف متوجہ ہوئے جیسے کوئی ناراض ہوتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس نے خوش خبری کو ردّ کردیا ہے، تم دونوں اس کو قبول کرلو۔ ان دونوں نے کہا: ہم نے قبول کیا۔ پھر آپؐ نے ایک پیالہ منگوایا جس میں کچھ پانی تھا۔ آپؐ نے اس سے اپنے دونوں ہاتھوں اور منہ کو دھویا اور کلّی کی اور فرمایا: تم دونوں اس سے پیو اور اپنے منہ اور سینوں پر ڈالو اور تمہیں بشارت ہو۔ ان دونوں نے وہ پیالہ لیا اور ایسا ہی کیا۔ (اُمّ المؤمنین) حضرت امّ سلمہؓ نے پردہ کے پیچھے سے آواز دی: اپنی ماں کے لئے بھی کچھ بچا رکھنا۔ انہوں نے ان کو بھی اس میں سے بچا کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah