صحیح بخاری 4360: باب غَزْوَةُ سِيفِ الْبَحْرِ وَهُمْ يَتَلَقَّوْنَ عِيرًا لِقُرَيْشٍ وَأَمِيرُهُمْ أَبُو عُ …
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا, کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے وہب بن کیسان سے, وہب نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے سمندر کے کنارے کی طرف ایک لشکر بھیجا اور اُن پر حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کو امیر مقرر فرمایا اور وہ تین سو تھے۔ ہم نکلے اور ابھی کچھ راستہ طے کیا تھا کہ زادِ راہ ختم ہوگیا۔ حضرت ابوعبیدہؓ نے حکم دیا کہ سب توشے اکٹھے کئے جائیں۔ چنانچہ وہ اکٹھے کئے گئے تو وہ کُل دو تھیلے کھجوروں کے بنے۔ حضرت ابوعبیدہؓ ہمیں ہر روز تھوڑا تھوڑا کھانے کے لئے دیتے رہے یہاں تک کہ وہ بھی ختم ہوگیا۔ ہمیں ایک ایک کھجور ملتی تھی۔ میں نے حضرت جابرؓ سے پوچھا: ایک کھجور تمہاری کیا بھوک دور کرتی ہوگی۔ انہوں نے کہا: جب وہ بھی نہ رہی تو ہم نے اس وقت ایک کھجور کی عدم موجودگی محسوس کی۔ ہم سمندر پر پہنچے۔ کیا دیکھتے ہیں بڑے ٹیلے کی طرح ایک مچھلی ہے۔ لوگ اُس سے اٹھارہ راتیں کھاتے رہے۔ پھر حضرت ابوعبیدہؓ نے اس کی پسلیوں کے متعلق حکم دیا تو اس کی دو پسلیاں کھڑی کی گئیں اور اونٹنی کے بارے میں کہا تو اُس پر کجاوہ رکھا گیا۔ وہ اُن دونوں پسلیوں کے نیچے سے گزر گئی اور ان کو چھؤا تک نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah