صحیح بخاری 4368: باب وَفْدُ عَبْدِ الْقَيْسِ
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوعامر عقدی نے ہمیں خبر دی کہ قرۃ (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوجمرہ سے روایت کی کہ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے کہا: میرے پاس ایک مٹکا ہے، جس میں نبیذ تیار کی جاتی ہے۔ میٹھی ہوتی ہے، میں اسے پیتا ہوں۔ کبھی زیادہ پی لیتا ہوں اور لوگوں کے ساتھ بیٹھتا ہوں اور دیر تک بیٹھتا ہوں۔ مجھے ڈر رہتا ہے کہ کسی وقت میری فضیحت نہ ہو۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: عبدالقیس کے نمائندے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: آنے والوں کی آمد خوشی خوشی ہو, نہ کبھی وہ رسوا ہوں اور نہ کبھی پشیمان۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہمارے اور آپؐ کے درمیان مضر کے مشرک ہیں اور ہم آپؐ تک نہیں پہنچ سکتے مگر حرمت کے مہینوں میں ہی۔ اس لئے آپؐ ہمیں مختصر احکام بتائیں کہ اگر ہم ان پر عمل کریں جنت میں داخل ہو جائیں اور جو ہم سے پیچھے ہیں انہیں ان پر عمل کرنے کے لئے دعوت دیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم کو چار باتوں پر عمل کرنے کا حکم دیتا ہوں اور چار باتوں سے تم کو روکتا ہوں۔ اللہ پر ایمان لانا, تم جانتے ہو اللہ پر ایمان لانا کیا ہے۔ یہ اقرار کرنا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور نماز سنوار کر ادا کرنا اور زکوٰۃ دینا اور ماہِ رمضان میں روزے رکھنا؛ اور یہ کہ تم غنیمت کے مالوں سے پانچواں حصہ ادا کرو اور تم کو چار باتوں سے روکتا ہوں: اس شراب سے جو کدو کے تونبہ اور کریدی ہوئی لکڑی کے برتن اور سبز لاکھی مرتبان اور رال کے روغنی برتن میں تیار کی جاتی ہے۔