صحیح بخاری 4448: بَابُ مَرَضِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَوَفَاتِهِ
سعید بن عفیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: لیث (بن سعد) نے مجھ سے بیان کیا, کہا: عقیل نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا کہ مسلمان اس اثنا میں کہ سوموار کے دن فجر کی نماز میں تھے اور حضرت ابوبکر ؓ اُن کو نماز پڑھا رہے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے یکایک حضرت عائشہ ؓ کے حجرے کا پردہ اُٹھایا اور ان کو دیکھا اور وہ نماز کی صفوں میں تھے۔ پھر خوشی سے مسکرائے اور یہ دیکھ کر حضرت ابوبکر ؓ اپنی ایڑیوں کے بل پیچھے کو ہٹے تاکہ صف میں جا ملیں اور خیال کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نماز کے لئے باہر آنا چاہتے ہیں۔ حضرت انس ؓ نے کہا: مسلمان رسول اللہ ﷺ کو دیکھ کر اتنے خوش ہوئے کہ وہ نماز توڑنے کو تھے مگر رسول اللہ ﷺ نے اپنے ہاتھ سے اُن کو اشارہ کیا کہ اپنی نماز پوری کریں۔ پھر آپؐ حجرے میں چلے گئے اور پردہ ڈال دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 83: بَابُ مَرَضِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَوَفَاتِهِ