صحیح بخاری 4549: باب قَوْلُهُ تَعَالَى {فَلاَ تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ}
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے خواہ مخواہ (جھوٹی) قسم کھائی جس کے ذریعہ سے وہ ایک مسلمان شخص کا مال لینا چاہتا ہے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اس بات کی تصدیق سے یہ آیت نازل کی: جو لوگ اللہ کے ساتھ اپنے عہدوں اور قسموں کے بدلے میں تھوڑی قیمت لیتے ہیں ان لوگوں کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں ہوگا اور قیامت کے دن اللہ ان سے بات نہیں کرے گا اور نہ ان کی طرف دیکھے گا اور نہ انہیں پاک ٹھہرائے گا اور ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔ ابووائل کہتے تھے: اتنے میں حضرت اشعث بن قیس (کندیؓ) بھی آگئے اور کہنے لگے: ابوعبدالرحمٰنؓ تم سے کیا بیان کر رہے ہیں؟ ہم نے کہا: ایسا ایسا۔ انہوں نے کہا: یہ آیت میرے متعلق نازل کی گئی۔ میرا ایک کنواں تھا میرے چچا زاد بھائی کی زمین میں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تمہاری شہادت پیش ہو ورنہ اس سے قسم لی جائے گی۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! تب تو وہ قسم کھا جائے گا۔ نبی اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص یونہی قسم کھاتا ہے جس کے ذریعہ سے وہ مسلمان شخص کا مال مارنا چاہتا ہے اور وہ اس قسم میں جھوٹا ہے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔
باب 3: باب قَوْلُهُ تَعَالَى {فَلاَ تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ}