صحیح بخاری 4665
عبداللہ بن محمد (جعفی) نے مجھ سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن معین نے مجھے بتایا کہ حجاج نے ہم سے بیان کیا۔ ابن جریج نے کہا: (عبداللہ) بن ابی ملیکہ کہتے تھے: ان دونوں (حضرت عبداللہ بن زبیرؓ اور حضرت عبداللہ بن عباسؓ) کے درمیان کچھ اختلاف تھا تو میں (حضرت عبداللہ) بن عباسؓ کے پاس صبح کو گیا۔ میں نے پوچھا: کیا آپ حضرت ابن زبیرؓ سے لڑنا چاہتے ہیں؟ اور اللہ کے حرم کو جائز قرار دیں گے؟ انہوں نے کہا: معاذ اللہ۔ اللہ نے یہ بات ابن زبیرؓ اور بنی اُمیہ کے لیے مقدر کی ہے کہ وہ حرم کے اندر لڑائی کو جائز رکھیں اور میں اللہ کی قسم اس میں لڑنا کبھی روا نہ رکھوں گا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: لوگ کہتے ہیں: ابن زبیرؓ کی بیعت کر لو۔ میں نے کہا: یہ امر (خلافت) عبداللہ بن زبیرؓ سے کچھ دور نہیں۔ اُن کے باپ جو ہیں تو وہ نبی ﷺ کے حواری ہیں۔ اس سے ان کی مراد حضرت زبیرؓ تھی اور ان کے نانا غار والے ساتھی ہیں۔ اُن کی مراد حضرت ابوبکرؓ سے تھی۔ ان کی ماں جو ہیں وہ ذات النطاق یعنی کمر بند والی ہیں۔ ان کی مراد حضرت اسماءؓ سے تھی، ان کی جو خالہ ہیں تو وہ اُم المومنین ہیں، ان کی مراد حضرت عائشہؓ سے تھی۔ اُن کی پھوپھی جو ہیں وہ نبی ﷺ کی زوجہ ہیں ان کی مراد حضرت خدیجہ ؓ سے تھی اور نبی ﷺ کی پھوپھی ان کی دادی ہیں ان کی مراد حضرت صفیہؓ سے تھی۔ پھر وہ اسلام میں پاک دامن رہے۔ قرآن کے قاری ہیں۔ اللہ کی قسم اگر انہوں نے مجھ سے اچھا سلوک کیا تو اُنہوں نے ایک قریبی رشتہ دار سے صلہ رحمی کا حق ادا کیا۔ اگر وہ مجھ پر حکومت کریں تو شریف ہمسر، رشتہ داروں نے مجھ پر حکومت کی۔ لیکن (حضرت عبداللہ بن زبیرؓ) نے تویتات اور اسامات اور حمیدات کو مجھ پر مقدم کیا ہے۔ اس سے ان کی مراد بنو اسد، بنو تویت اور بنو اسامہ کے گھرانے تھے۔ دیکھو ابوالعاصؓ کا بیٹا یعنی عبدالملک بن مروان سبقت لئے جارہا ہے اور یہ تو ایک جگہ کھڑے ہو گئے ہیں یعنی ابن زبیرؓ۔
کتاب 9: بَابُ قَوْلُهُ: {وَاتَّخِذُوا مِنْ مَقَامِ إِبْرَاهِيمَ مُصَلًّى}