صحیح بخاری 4679: باب {وَمِنْ حَيْثُ خَرَجْتَ فَوَلِّ وَجْهَكَ شَطْرَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ وَحَيْثُمَا ك …
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا۔ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی کہ اُنہوں نے کہا: ابن سباق نے مجھے خبر دی کہ حضرت زید بن ثابت انصاریؓ نے کہا، اور وہ اُن لوگوں میں سے تھے جو وحی لکھا کرتے تھے: حضرت ابوبکرؓ نے مجھ کو جب یمامہ کے لوگ شہید کئے گئے، بُلا بھیجا اور اس وقت اُن کے پاس حضرت عمرؓ تھے۔ حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا: عمرؓ میرے پاس آئے ہیں اور اُنہوں نے کہا: یمامہ کی جنگ میں لوگ بہت شہید ہوگئے ہیں اور مجھے اندیشہ ہے کہ کہیں اور لڑائیوں میں بھی قاری نہ مارے جائیں اور اس طرح قرآن کا بہت سا حصہ ضائع ہوجائے گا، سوائے اس کے کہ تم قرآن کو ایک جگہ جمع کردو اور میری یہ رائے ہے کہ آپ قرآن کو ایک جگہ جمع کریں۔ حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا: میں نے عمرؓ سے کہا: میں ایسی بات کیسے کروں جو رسول اللہ ﷺ نے نہیں کی۔ عمرؓ نے کہا: اللہ کی قسم! آپ کا یہ کام اچھا ہے۔ عمرؓ مجھے بار بار یہی کہتے رہے یہاں تک کہ اللہ نے اس کے لئے میرا سینہ کھول دیا اور اب میں بھی وہی مناسب سمجھتا ہوں جو عمرؓ نے مناسب سمجھا۔ حضرت زید بن ثابتؓ نے کہا اور اس وقت حضرت عمرؓ اُن کے پاس بیٹھے ہوئے تھے، بات نہ کرتے تھے۔ پھر حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا: تم جوان عقل مند آدمی ہو اور ہم تم پر کوئی بدگمانی نہیں کرتے۔ تم رسول اللہ ﷺ کے لئے وحی لکھا کرتے تھے اس لئے قرآن جہاں جہاں ہو تلاش کرو اور پھر اس کو لے کر ایک جگہ جمع کردو اور اللہ کی قسم! اگر وہ پہاڑوں میں سے کسی پہاڑ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کا مجھے مکلف کرتے تو مجھ پر یہ کام اتنا بوجھل نہ ہوتا جتنا کہ یہ کام جس کے کرنے کے لئے اُنہوں نے مجھے حکم دیا یعنی قرآن جمع کرنا۔ میں نے کہا: آپ دونوں وہ کام کیسے کرتے ہیں جو نبی ﷺ نے نہیں کیا۔ حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا: اللہ کی قسم وہ اچھا کام ہے۔ میں اُن سے بار بار کہتا رہا، یہاں تک کہ اللہ نے میرا سینہ اس امر کے لئے کھول دیا جس کے لئے اللہ نے حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ کا سینہ کھولا تھا۔ میں کھڑا ہوگیا اور قرآن مجید کی تلاش کرنے لگا، اسے (چمڑے کے) پرچوں اور کندھے کی ہڈیوں اور کھجوروں کی ٹہنیوں اور لوگوں کے سینوں سے اکٹھا کرنے لگا۔ یہاں تک کہ میں نے سورۂ توبہ کی دو آیتیں حضرت خزیمہ انصاریؓ کے پاس پائیں۔ وہ اُن کے سوا میں نے کسی کے پاس نہ پائیں اور وہ یہ ہیں۔ لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ… یعنی تمہارے پاس تم میں سے ہی ایک رسول آیا اسے بہت سخت شاق گزرتا ہے جو تم تکلیف اُٹھاتے ہو (اور) وہ تم پر (بھلائی چاہتے ہوئے) حریص (رہتا) ہے۔ سورۃ کے آخر تک (اُنہوں نے پڑھا) وہ ورق جن میں قرآن مجید جمع کیا گیا تھا وہ حضرت ابوبکرؓ کے پاس رہے۔ یہاں تک کہ اللہ نے اُن کو وفات دی۔ پھر حضرت عمرؓ کے پاس رہے یہاں تک کہ اللہ نے اُن کو وفات دے دی پھر حضرت حفصہ بنت عمرؓ کے پاس رہے۔ (ابو الیمان کی طرح) عثمان بن عمر اور لیث (بن سعد) نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے یہ حدیث بیان کی اور لیث نے (اپنی سند میں) یوں کہا: مجھے عبدالرحمٰن بن خالد نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ اور اُنہوں نے (حضرت خزیمہؓ کی جگہ) ’’حضرت ابوخزیمہ انصاریؓ کے پاس‘‘ کہا۔ اور موسیٰ نے ابراہیم سے یوں نقل کیا کہ ابن شہاب نے ہم سے اپنی روایت میں یہ بیان کیا کہ حضرت ابوخزیمہؓ کے پاس۔ اور موسیٰ (بن اسماعیل) کی طرح یعقوب بن ابراہیم نے بھی اپنے باپ (ابراہیم) سے یہ حدیث روایت کی۔ اور ابوثابت (محمد بن عبیداللہ مدنی) نے کہا: ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ اُنہوں نے یوں کہا: حضرت خزیمہؓ کے پاس یا حضرت ابوخزیمہؓ کے پاس۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah