صحیح بخاری 4690
عبد العزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی، نیز کہا۔ اور حجاج نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عمر نمیری نے ہمیں بتایا کہ یونس بن یزید ایلی نے ہمیں خبر دی۔ کہا: میں نے زہری سے سنا۔ انہوں نے عروہ بن زبیر اور سعید بن مسیب اور علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ سے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ کے اس واقعہ کے متعلق سنا جس میں تہمت لگانے والوں نے آپؓ پر تہمت لگائی تھی اور پھر اللہ نے آپؓ کی برأت نازل کی تھی۔ ان میں سے ہر ایک نے اس واقعہ کا ایک حصہ مجھ سے بیان کیا۔ (اس میں ہے کہ) نبی ﷺ نے فرمایا: اگر تم بَری ہو تو ضرور اللہ تعا لیٰ تمہیں بَری فرمائے گا، اور اگر تم سے کوئی کمزوری ہو گئی ہو تو اللہ سے مغفرت مانگو اور اس کے حضور توبہ کرو۔ (حضرت عائشہ ؓ نے بیان کیا کہ) میں نے کہا: اللہ کی قسم! میں کوئی مثال نہیں پاتی سوائے حضرت یوسفؑ کے باپ کی مثال کے۔ (انہوں نے کہا تھا:) اب اچھی طرح صبر کرنا (ہی میرے لئے مناسب) ہے اور جو بات تم بیان کرتے ہو اس (کے تدارک) کے لئے اللہ ہی سے مدد مانگی جا سکتی ہے، اور اللہ تعالیٰ نے یہ دس آیات نازل کیں: یقیناً وہ لوگ جنہوں نے ایک بڑا اتہام باندھا تھا۔ تمہیں میں سے ایک گروہ ہے…۔
کتاب 3: باب قَوْلُهُ تَعَالَى {فَلاَ تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ}