صحیح بخاری 4726: باب قَوْلُهُ تَعَالَى {فَلاَ تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ}
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں خبر دی۔ ابن جریج نے ان کو بتایا۔ انہوں نے کہا: یعلیٰ بن مسلم اور عمرو بن دینار نے مجھے بتایا۔ سعید بن جبیر سے روایت ہے کہ ان میں سے ایک اپنے ساتھی سے کچھ زیادہ بیان کرتا تھا۔ نیز ان دونوں کے علاوہ کسی اور کو بھی میں نے سعید بن جبیر سے ہی روایت کرتے سنا ہے۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابن عباسؓ کے پاس ان کے گھر میں تھے جب انہوں نے کہا: مجھ سے پوچھیں (جو پوچھنا ہو۔) میں نے کہا: ابوعباسؓ! اللہ مجھے آپ کے قربان کرے۔ کوفہ میں ایک شخص قصہ گو ہے جسے نوف کہتے ہیں۔ اس کا خیال ہے کہ وہ بنی اسرائیل کے موسیٰؑ نہیں تھے (جو خضر سے علم حاصل کرنے کے لئے گئے۔ ابن جریج کہتے تھے:) عمرو (بن دینار) نے مجھ سے یوں کہا (حضرت ابن عباسؓ) کہنے لگے: اللہ کے دشمن نے غلط کہا ہے۔ یعلیٰ نے (یہ فقرہ نہیں کہا، کچھ یوں) بیان کیا کہ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: حضرت اُبيّ بن کعبؓ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ موسیٰ رسول اللہ علیہ السلام نے ایک دن لوگوں کو وعظ و نصیحت کی۔ یہاں تک کہ جب آنکھوں سے آنسو بہنے لگے اور دل پگھل گئے، موسیٰؑ پیٹھ موڑ کر چلنے لگے۔ اتنے میں ایک شخص ان سے ملا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! کیا زمین میں کوئی ہے جو آپؑ سے بڑھ کر عالم ہو۔ موسیٰؑ نے کہا: نہیں۔ اس وجہ سے (اللہ نے) اُن پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ کیونکہ انہوں نے جواب میں نہیں کہا کہ اللہ ہی سب سے بڑھ کر علم رکھتا ہے۔ اُن سے کہا گیا: نہیں (بلکہ تم سے بڑھ کر بھی عالم ہے۔) موسیٰؑ نے کہا: اے میرے ربّ وہ کہاں ہے؟ فرمایا: مجمع البحرین میں۔ (جہاں دو سمندر اکٹھے ہوتے ہیں) موسیٰؑ نے کہا: یا ربّ! میرے لیے کوئی نشان مقرر فرما جس کے ذریعہ مجھے اس جگہ کا علم ہوجائے۔ (ابن جریج کہتے تھے:) عمرو (بن دینار) نے مجھ سے یوں کہا: ربّ نے فرمایا: (وہ وہاں ہوگا) جہاں مچھلی تم سے جدا ہوجائے گی۔ (ابن جریج کہتے تھے کہ) یعلیٰ (بن مسلم) نے مجھ سے یہ (الفاظ) کہے: ربّ نے فرمایا: ایک مردہ مچھلی لو۔ جہاں اس میں روح پھونکی جائے گی (وہاں وہ ہوگا۔) چنانچہ موسیٰؑ نے ایک مچھلی لی اور وہ ٹوکری میں رکھ لی اور اپنے نوجوان سے کہا: میں تمہیں اور تکلیف نہیں دیتا سوا اِس بات کے کہ تم مجھے بتا دینا جہاں وہ مچھلی تم سے جدا ہو۔ نوجوان نے کہا: آپؑ نے کسی بڑی بات کی تکلیف نہیں دی ہے۔ یعنی یہ معمولی سی بات ہے اور یہی بات ہے جو اللہ جلّ ذکرہٗ نے (قرآن شریف میں) فرمائی ہے کہ اور جب موسیٰؑ نے اپنے نوجوان سے کہا یعنی یوشع بن نون سے۔ یہ الفاظ سعید (بن جبیر) سے نہیں ہیں۔ (بلکہ ابن جریج سے ہیں۔ حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے: اس اثنا میں کہ موسیٰؑ ایک چٹان کے سائے تلے ایک ٹھنڈی جگہ لیٹ گئے، مچھلی تڑپنے لگی، موسیٰؑ سوئے ہوئے تھے۔ نوجوان نے (دل میں) کہا: میں انہیں نہیں جگاتا۔ آخر جب موسیٰؑ خود ہی جاگے تو غلام ان کو یہ بتانا بھول گیا اور مچھلی تڑپ کر سمندر میں چلی گئی۔ اللہ نے اس پر سمندر کا بہاؤ روک دیا۔ یہاں تک کہ ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے اس مچھلی کا نشان پتھر پر موجود ہو۔ (ابن جریج کہتے تھے:) عمرو (بن دینار) نے مجھ سے یوں کہا: پتھر پر نشان اس طرح تھا۔ اور (یہ بات بتاتے ہوئے) اپنے دونوں انگوٹھوں اور دونوں انگلیوں سے جو انگوٹھوں کے ساتھ ہیں ملا کر حلقہ بنایا۔ (پھر روایت شروع کر دی کہ موسیٰؑ نے کہا:) ہمیں یقیناً اپنے اس سفر کی وجہ سے تھکان ہو گئی ہے۔ (نوجوان نے) کہا: اللہ نے آپؑ کی تھکان دور کر دی ہے۔ یہ الفاظ سعید سے مروی نہیں ہیں۔ (آخر) غلام نے موسیٰؑ سے واقعہ بیان کیا اور وہ دونوں وہیں سے واپس ہوئے اور خضر کو پالیا۔ (ابن جریج کہتے تھے کہ) عثمان بن ابی سلیمان نے مجھ سے کہا: سمندر کے عین وسط میں سبز چٹائی پر بیٹھے ہوئے تھے۔ سعید بن جبیر نے یہ الفاظ کہے: اپنا کپڑا اُوڑھے ہوئے تھے۔ اس کپڑے کا ایک سرا اپنے پاؤں کے نیچے لیا ہوا تھا اور دوسرا سرا اپنے سر کے نیچے۔ موسیٰؑ نے ان کو سلام کہا۔ (یعنی سلامتی کی دعا دی) انہوں نے اپنے چہرے سے کپڑا ہٹایا اور کہا: کیا ملک میں سلامتی ہے؟ تم کون ہو؟ انہوں نے کہا: میں موسیٰؑ ہوں۔ خضر نے کہا: بنی اسرائیل کا موسیٰ؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ خضر نے کہا: آپ کی غرض کیا ہے؟ انہوں نے کہا: میں اس لئے آیا ہوں کہ جو راستی کی باتیں آپ کو سکھائی گئی ہیں ان میں سے کچھ مجھے بھی سکھائیں۔ خضر نے کہا: موسیٰؑ! تمہارے لئے یہ کافی نہیں کہ تورات تمہارے ہاتھوں میں ہے اور وحی تم پر نازل ہوتی ہے۔ مجھے ایک علم (دیا گیا) ہے جو تمہارے لائق نہیں کہ تم اس کو جانو اور تمہیں ایک علم (دیا گیا) ہے جو مجھے لائق نہیں کہ میں اسے سیکھوں۔ اتنے میں ایک پرندے نے سمندر سے اپنی چونچ میں پانی لیا۔ خضر کہنے لگے: اللہ کی قسم! میرا اَور تمہارا علم بمقابل علم الٰہی اتنا ہی ہے جتنا کہ اس پرندے نے سمندر سے اپنی چونچ میں لیا ہے۔ جب وہ دونوں کشتی میں سوار ہوئے تو انہوں نے وہاں اور چھوٹی چھوٹی کشتیاں دیکھیں جو ایک کنارے کے لوگوں کو دوسرے کنارے کے لوگوں کے پاس لے جاتی تھیں۔ کشتی والوں نے خضر کو پہچان لیا۔ آپس میں کہنے لگے: یہ اللہ کے نیک بندے ہیں۔ (یعلیٰ بن مسلم نے) کہا: ہم نے سعید سے پوچھا، ان کی اس سے مراد خضر تھی؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ (کشتی والوں نے کہا:) ہم کرایہ لے کر ان کو سوار نہیں کریں گے۔ (پھر) خضر نے اس کشتی کو پھاڑ دیا (اور شگاف میں) ایک میخ گاڑ دی۔ موسیٰ نے کہا: کیا آپ نے اس لیے شگاف کیا ہے کہ آپ اس کے اندر (بیٹھ کر جانے) والوں کو غرق کر دیں۔ آپ نے یقیناً (یہ) ایک ناپسندیدہ کام کیا ہے۔ مجاہدؒ نے کہا: مُنْكَرًا (یعنی اوپرا یا بُرا)۔ (خضر نے) کہا: کیا میں نے (تجھے) نہیں کہا تھا کہ تُو میرے ساتھ رہ کر ہرگز صبر نہیں کر سکے گا۔ یہ پہلی بات بھول کر ہوگئی ہے اور درمیانی بات شرطیہ تھی اور تیسری قصداً۔ موسیٰ نے کہا: (کہ اِس دفعہ) آپ مجھ پر گرفت نہ کریں کیونکہ میں (آپ کی ہدایت کو) بھول گیا تھا۔ اور آپ میری (اِس) بات کی وجہ سے مجھ پر سختی نہ کریں۔ (پھر) وہ دونوں ایک لڑکے سے ملے۔ خضر نے اس کو مار ڈالا۔ یعلیٰ نے کہا: سعید کہتے تھے: خضر نے کچھ لڑکوں کو کھیلتے دیکھا تو ایک خوبصورت لڑکے کو پکڑا جو کافر تھا۔ اسے لٹایا اور چھری سے اُسے ذبح کردیا۔ موسیٰؑ نے کہا: کیا آپ نے بغیر کسی نفس کے عوض ایک پاکیزہ نفس کو مار ڈالا ہے جس نے کوئی گناہ نہیں کیا تھا؟ اور حضرت ابن عباسؓ نے اس آیت میں لفظ زَکِیَّۃً کو زَاکِیَۃً پڑھا ہے بمعنی مُسْلِمَۃً۔ جیسے تم کہتے ہو غُلامًا زَکِیًّا، یعنی پاک لڑکا۔ وہ دونوں چل پڑے اور انہوں نے ایک دیوار پائی جو گرنا چاہتی تھی۔ اُس نے اسے درست کردیا۔ سعید نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کرکے دکھایا کہ اس طرح سیدھا کردیا۔ (یعنی خضر نے) اپنا ہاتھ اُٹھایا اور (ہاتھ کے اشارے سے) وہ دیوار سیدھی ہوگئی۔ یعلیٰ نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ سعید نے (یوں) کہا کہ خضر نے اس دیوار پر ہاتھ پھیرا تو وہ سیدھی ہوگئی۔ (موسیٰؑ نے کہا:) اگر آپ چاہتے تو یقیناً اس کی کچھ (نہ کچھ) اُجرت لے سکتے تھے۔ سعید نے کہا: مزدوری، جس سے ہم کھانا کھاتے۔ وَكَانَ وَرَاءَهُمْ سے مراد یہ ہے کہ ان کے آگے ایک بادشاہ تھا۔ حضرت ابن عباسؓ نے (وَرَاءَهُمْ کی جگہ) أَمَامَهُمْ مَلِكٌ پڑھا ہے۔ (ابن جریج کہتے تھے کہ) راویوں کا خیال ہے کہ سعید کے سوا کسی اور نے یوں نقل کیا ہے: وہ بادشاہ ہُدَد بن بُدَد تھا اور جو لڑکا قتل کیا گیا تھا لوگ کہتے تھے کہ اس کا نام جیسور تھا۔ (پھر کہا:) ایک (ظالم) بادشاہ تھا جو ہر ایک کشتی کو زبر دستی چھین لیتا تھا۔ اور میں نے چاہا کہ جب یہ کشتی اس کے پانی سے گزرے گی تو وہ اس کے ناقص ہونے کی وجہ سے اسے چھوڑ دے گا۔ جب یہ لوگ آگے گزر جائیں گے تو وہ اسے درست کرلیں گے اور اس سے فائدہ اُٹھاتے رہیں گے۔ ان راویوں میں سے بعض کہتے (عمدۃ القاری جزء صفحہ) ترجمہ اس کے مطابق ہے۔ ہیں کہ انہوں نے (اس کشتی کا سوراخ) گچ سے بند کیا اور ان میں سے بعض کہتے ہیں کہ تارکول سے (بند کیا۔) اس لڑکے کے ماں باپ مومن تھے اور وہ خود کافر تھا۔ اس پر ہم ڈرے کہ ایسا نہ ہو (بڑے ہو کر) وہ ان پر سرکشی اور کفر کا الزام لگوا دے۔ یعنی اس کی محبت انہیں اس کے دین کی پیروی کرنے پر آمادہ نہ کر دے، پس ہم نے چاہا کہ ان کا ربّ ان کو اس (لڑکے) سے پاکیزگی اور رحم و انصاف کے لحاظ سے بہتر (لڑکا بدل کر) دے دے۔ موسیٰؑ نے یہی اعتراض کیا تھا کہ آپ نے ایک پاک لڑکا قتل کردیا ہے۔ اور اَقْرَبَ رُحْمًا جو قرآن میں ہے، اس کے معنی ہیں کہ ماں باپ اس دوسرے لڑکے پر پہلے لڑکے سے بھی زیادہ مہربان ہوں گے جسے خضر نے قتل کردیا۔ سعید کے سوا کسی اَور راوی نے یہ سمجھا ہے کہ انہیں اس لڑکے کے بدلے میں ایک لڑکی دی گئی۔ (اور ابن جریج نے کہا:) داؤد بن ابی عاصم راوی جو ہیں انہوں نے کئی شخصوں سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ لڑکی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 3: باب قَوْلُهُ تَعَالَى {فَلاَ تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ}